ذکا اشرف نے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ذکا اشرف نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے بحال ہونے کے ایک دن بعد اپنے عہدے کا چارج دوبارہ سنبھال لیا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ذکا اشرف کی برطرفی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل منظور کی تھی اور اس کے بعد وہ بطور چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال ہو گئے۔
بحالی کے بعد ذکا اشرف نے کہا تھا کہ وہ مستعفی نہیں ہوں گے اور ایک دو روز میں اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ذکا اشرف 25 مئی سال 2013 میں اپنے عہدے پر بحال تصور ہوں گے۔
دوسری جانب بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت نے ذ کا اشرف کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے بحالی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے بارے میں عاصمہ جہانگیر ایڈوکیٹ سے قانونی مشاورت کی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مقدمے میں عاصمہ جہانگیر بین الصوبائی رابطے کی وزارت کی وکیل تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی ڈویژن بنچ نے بدھ کے روز کے ذکا اشرف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے بحال کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے جمعرات کو اپنے عہدے کا چارج دوبارہ سنبھال لیا۔
عاصمہ جہانگیر نے بی بی سی کے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے ان سے رابطہ کیا ہے اور چونکہ وہ عدالت کا تفصیلی فیصلہ پڑھ چکی ہیں لہذٰا انہوں نے اس میں موجود چند قانونی ابہام کو دیکھتے ہوئے وزارت کو مشورہ دیا ہے کہ اسے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرنی چاہیے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحال ہونے والے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اپیل کرنا چاہتا ہے تو وہ اس کا حق ہے۔ انہیں عدلیہ نے بحال کیا ہے انہوں نے پہلے بھی عدالتی فیصلے کا احترام کیا اور آئندہ بھی عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوا وہ اسے قبول کریں گے۔



