آسٹریلین اوپن: نڈال کا سفر آسان نہیں

نڈال 13 بار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں
،تصویر کا کیپشننڈال 13 بار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں

اگلے ہفتے شروع ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن میں ٹینس کی دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سپین کے رافیئل نڈال کے ڈرا خاصے مشکل نظر آ رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے لیے جمعے کو نکالے گئے ڈراز کے مطابق 13 بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نڈال کا پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیا کے برنارڈ ٹمچ سے مقابلہ ہو گا۔

نڈال نے 2011 میں ٹمچ کو شکست دی تھی لیکن تب سے آسٹریلوی کھلاڑی کے کھیل میں خاصی بہتری آئی ہے۔

ٹمچ حال ہی میں سڈنی انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے اور ہوم گراؤنڈ پر نڈال کو سخت چیلنج دے سکتے ہیں۔

اگر نڈال یہ ابتدائی رکاوٹ پار کر جاتے ہیں، تو تیسرے راؤنڈ میں ان کا سامنا 25 ویں سيڈ فرانس کے گیل سے اور چوتھے راؤنڈ میں 16 ویں سيڈ جاپان کے نشكوري سے ہو سکتا ہے۔

کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ پانچویں سيڈ اور سابق امریکی چیمپئین ارجنٹائن کے جوئین مارٹن ڈیل سے ہو سکتا ہے۔

جوکووچ

جوکووچ تین بار آسٹریلیئن اوپن جیت چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنجوکووچ تین بار آسٹریلیئن اوپن جیت چکے ہیں

تین بار کے چیمپیئن اور دوسرے سيڈ سربیا کے نوویك جوکووچ کو نسبتاً آسان ڈرا ملا ہے اور پہلے راؤنڈ میں ان کے سامنے 90ویں رینکنگ کے کھلاڑی ہوں گے۔

ومبلڈن چیمپیئن برطانیہ کے اینڈی مری کو ریکارڈ 17 بار کے گرینڈ سلیم فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے ساتھ نچلے نصف میں رکھا گیا ہے۔

مری کے سامنے پہلے راؤنڈ میں 112 ویں رینکنگ کے جاپان کے کھلاڑی ہوں گے، جب چوتھے دور میں ان کا مقابلہ 13 ویں سيڈ امریکہ کے جان اسنر سے ہو سکتا ہے۔

اگر کوئی اپ سیٹ نہ ہوا تو تو کوارٹر فائنل میں مری اور فیڈرر کا مقابلہ ہو سکتا ہے۔

خواتین ٹینس کی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی امریکہ کی سیرينا ولیمز کا پہلے راؤنڈ میں آسٹریلوی کھلاڑی ایشلی بارٹي سے مقابلہ ہوگا۔

سیرينا نے 17 گرینڈ سلیم اعزاز جیتے ہیں جن میں پانچ آسٹریلین اوپن ٹائٹل شامل ہیں۔