’شوماکر مقابلہ کرنے والے ہیں اور ہمت نہیں ہاریں گے‘

فرانس میں سکیئنگ کے دوران شدید زخمی ہونے والے فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ کے کامیاب ترین ڈرائیور مائیکل شوماکر کے خاندان نے ان کے مداحوں ک ے جذبات کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شوماکر کے خاندان نے انٹرنیٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم سب جانتے ہیں کہ وہ ایک مقابلہ کرنے والے ہیں اور وہ ہمت نہیں ہاریں گے۔‘
مائیکل شوماکر کو ان کے معالجین نے گرینوبل کے ہسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں رکھا ہوا ہے۔
آج مائیکل شوماکر کی پینتالیسویں سالگرہ ہے اور ان کی مینیجر نے کہا کہ وہ اب تک ایک مستحکم حالت میں ہیں۔
مائیکل شوماکر کو اتوار کو فرنچ الپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع میربل کے الپائن ریزورٹ میں سکیئنگ کے دوران سر پر چوٹ آئی تھی جب ان کا سر ایک چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔ اس ٹکراؤ کے نتیجے میں ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا۔
منگل کو ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ شوماکر کی حالت میں بہتری کے اشارے ملے ہیں تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب بھی ان کی حالت ’خطرے سے باہر نہیں ہے۔‘
ڈاکٹروں نے آنے والے دنوں اور مہینوں میں مائیکل شوماکر کی حالت کے بارے میں تبصرہ کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔
تاہم یہ طبی طور پر ممکن ہے کہ کوئی مریض کئی ہفتے کومے میں گزارے اور پھر مکمل صحت یاب ہو جائے۔

مائیکل کی صحت یابی کی دعاؤں کے پیغامات دنیا بھر سے موصول ہو رہے ہیں اور ان کے خاندان نے اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی جانب سے اظہارِ ہمدردی پر مائیکل کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
مائیکل کے خاندان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’دنیا بھر سے لوگوں نے اپنی ہمدردی کے اظہار کے پیغامات بھجوائے ہیں اور ان کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔‘
یہ بیان مائیکل کے خاندان کی جانب سے ان کی سالگرہ سے قبل جاری کیا گیا جو آج یعنی بروز جمعہ ہے۔
شوماکر کی ڈرائیونگ ٹیم نے مائیکل کے لیے ان کے ہسپتال کے باہر ایک شب بیداری کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
فیراری کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اٹلی اور فرانس سے مقامی فیراری کلب مائیکل کے لیے دعائیں اور تہنیت کے پیغامات دینے کے لیے بسوں پر گرینوبل سفر کریں گے۔
فیراری کے سربراہ ریناتو بیسینانی نے کہا کہ لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سرخ لباس پہنیں اور جھنڈے ہمراہ لائیں ’مائیکل سے قربت کے احساس کے طور پر‘ تاکہ یہ ایک بہت پر احترام طریقے سے ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شب بیداری فیراری کے نام کی تشہیر کی خاطر نہیں ہے اور یہ کہ وہ اس موقعے کی مناسبت سے اس کا احساس کریں گے۔
مائیکل شوماکر دوسری بار فارمولا ون سے 2012 میں ریٹائرڈ ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ مائیکل شوماکر اپنے 19 سالہ کریئر میں سات بار فارمولا ون کار ریسنگ چیمپیئن رہ چکے ہیں اور اکانوے ریسز میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔



