کوری اینڈرسن نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

نیوزی لینڈ کے بلے باز کوری اینڈرسن نے 36 گیندوں پر سنچری بنا کر ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
انھوں نے یہ کارنامہ بدھ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرانجام دیا اور نیوزی لینڈ نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے شکست دی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88623" platform="highweb"/></link>
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے اس تیسرے میچ کو بارش کی وجہ سے 21 اوورز فی ٹیم تک محدود کر دیا گیا تھا۔
ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 21 اوورز میں انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 283 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے بلّے باز کوری اینڈرسن پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تو انہوں نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 36 گیندوں میں سنچری بنا کر پاکستانی بلے باز شاہد آفریدی کا تیز ترین سنچری کا سترہ برس پرانی ریکارڈ توڑ دیا۔

شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
کوری اینڈرسن نے مجموعی طور پر 14 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔اینڈرسن کو ان کی ریکارڈ ساز بلے بازی کے لیے مین آف دا میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ کے لیے اینڈرسن کے علاوہ جے سی رائیڈر نے بھی سنچری سکور کی انھون نے 51 گیندوں پر 12 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 20 اوورز کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے تھے جو کسی ٹی ٹوئنٹی میچ کا بھی سب سے زیادہ سکور ہوتا۔
اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور19 کے مجموعی سکور تک پہنچتے پہنچتے ان کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔
مقررہ اکیس اوورز میں مہمان ٹیم پانچ وکٹ کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈوائن براوو نے سب سے زیادہ 56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
یہ سیریز فی الحال ایک ایک سے برابر ہے۔



