آفریدی آخری ون ڈے نہیں کھیلیں گے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں شامل کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی سری لنکا کے خلاف جمعے کو شارجہ میں کھیلا جانے والا آخری ون ڈے نہیں کھیل پائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق شاہد آفریدی بیٹی کی بیماری کے سبب وطن واپس آگئے ہیں۔
شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وہ ایک وکٹ اور 39 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ رہے تھے۔
ون ڈے سیریز میں انہوں نے 34 اور 30 رنز ناٹ آؤٹ کی دو اچھی اننگز کھیلنے کے علاوہ پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں۔اس دوران وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز اور 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔
شاہد آفریدی نے جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کا معاہدہ بھی کیا تھا تاہم اب وہ اس سے اپنا نام واپس لے چکے ہیں جس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہےکہ آئندہ سال میں پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ اور پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینا ہے لہٰذا وہ کچھ وقت آرام کرنا چاہتے ہیں۔



