شکست کی صورت میں میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے: شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم کی شکست کی صورت میں میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو جنوبی افریقہ کے دورے سے واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر شاہد آفریدی نے صحافیوں کی جانب سے ٹیم میں گروپ بندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ جب ٹیم ہارتی ہے تو ٹیم میں گروپ بننے کی خبریں اڑتی ہیں اور جب جیتیی ہے تو گروپ نہیں بنتے ہیں۔
’میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی ہے کہ ٹیم کے ہارنے کی صورت میں میڈیا ایسے کریکٹرز کو تبصرے کے لیے سامنے لاتا ہے جن کا اپنا ڈسپلن ساری زندگی خراب رہا ہے اور وہ خود گروپنگ میں ملوث رہے ہیں۔‘
شاہد آفریدی نے اس بارے میں مزید کہا: ’جب ہم ہارتے ہیں تو میڈیا ایسے لوگوں کو کیوں لے کر آتا ہے، اچھے لوگوں کو بھی لانا چاہیے جو عوام کو اچھی اور مثبت بات بتا سکیں۔‘
ٹیم میں شامل نئے کھلاڑی بلاول بھٹی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ابھی بلاول بھٹی کا عبدالرزاق یا کسی اور سے موازنہ کیا جانا بہت جلدی ہے، اسے ابھی آگے دباؤ میں بہت کرکٹ کھیلنی ہے۔‘



