’آفریدی تنقید کی بجائے کھیل پر توجہ دیں‘

اعجاز بٹ نے یہ پشورہ شاہد آفریدی کے نام ایک خط میں لکھ کر دیا ہے
،تصویر کا کیپشناعجاز بٹ نے یہ پشورہ شاہد آفریدی کے نام ایک خط میں لکھ کر دیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ اور کرکٹر شاہد آفریدی کے درمیان بیانات کے تبادلے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کا آغاز اعجاز بٹ کی جانب سے ڈیوڈ واٹ مور پر تنقید سے شروع ہوا۔

اعجاز بٹ نے شاہد آفریدی کے الزامات کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ سابق انتظامیہ پر تنقید کرنے کی بجائے قومی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لئے اپنی بلے بازی اور گیند بازی پر توجہ دیں۔

گزشتہ ہفتے، شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ اعجاز بٹ کے دور میں پاکستان کو میچ فکسنگ اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان کی کپتانی میں ٹیم نے 2011 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی لیکن اس کارکردگی کے باوجود انہیں ون ڈے کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اعجاز بٹ نے شاہد آفریدی کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ وہ شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو تبصرے نہیں کرنے چاہیں مگر ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کرکٹ کے دوسرے خیر خواہوں کے بارے میں اپنی رائے دے سکتے ہیں۔

لفظوں کی جنگ اعجاز بٹ کے اس بیان سے شروع ہوئی تھی جب انہوں نے کہا کہ کوچ واٹ مور کو انکے عہدے سے ہٹا دینا چاہئے۔ کیونکہ انکی ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ سے قرابت ہے جس کی وجہ سے ون ڈے کپتان مصباح الحق دباؤ میں ہیں۔