پاکستان کو 24 رنز سے شکست، سیریز برابر

دبئی میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 212 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 187 رنز پر آوٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شرجیل خان نے اچھی بیٹنگ کی اور نصف سنچری مکمل کی۔
شاہد آفریدی نے ایک بار پھر اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے اٹھائیس رنز بنائے۔
پاکستان کے تین کھلاڑی عمر اکمل، عمر امین اور بلاول بھٹی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
سہیل تنویر نے پاکستان کی جیت کی کچھ امید پیدا کی اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز سکور کیِے۔ ان کو ملنگا نے آؤٹ کیا۔
سعید اجمل بیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دبئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی ٹیم ٹی 20 میچ میں 200 سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
سری لنکن بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور تقریباً پوری اننگز میں دس رنز فی اوور کی اوسط سے سکور کیا۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر کشال پریرا نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ انھوں نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ تلکارتنے دلشان نے 33 گیندوں پر 48 اور سنگاکارا نے 21 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔
پاکستان کے لیے سعید اجمل نے دو وکٹیں لیں اور جب انھوں نے پرسنّا کو آؤٹ کیا تو وہ ایک سال میں سو وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے۔ ان سے قبل آف سپنر ثقلین مشتاق یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بلاول بھٹی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے دو اوورز میں 32 رنز دیے جبکہ عثمان شنواری کو چار اوورز میں 52 رنز پڑے۔
پاکستانی بولرز نے چودہ اضافی رن بھی دیے جن میں سے وائیڈ بالز کے 12 رن بھی شامل تھے۔
پاکستان نے پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا نے اجنتھا مینڈس کی جگہ پرسنّا کو کھلایا ہے۔
پاکستان نے دبئی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان کی ٹیم: احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، شعیب مقصود، عمر امین، عمر اکمل، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، سعید اجمل اور عثمان خان
سری لنکا کی ٹیم: تلک رتنے دلشان، کوشل پریرا، دنیش چندی مال، کمار سنگاکارا، اینجلو میتھیوز، تھرمین، تھشارا پریرا، کالو سیکرا، ملنگا اور پرسنّا



