آج جیت گئے تو پہلا نمبر

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق آج رات نو بجے شروع ہو گا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق اگر پاکستان سری لنکا کے خلاف یہ میچ جیت گیا تو وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر، جب کہ سری لنکا دوسرے نمبر آ جائے گا۔
خیال رہے کہ سری لنکا اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی پر پہلے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا کی ریٹنگ 126 ہے، جب کہ دوسرے نمبر (بھارت)، تیسرے نمبر (پاکستان) اور چوتھے نمبر (جنوبی افریقہ) پر تینوں ٹیموں کے 123 پوائنٹ ہیں۔
پاکستان کو سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان ٹیم کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ اس کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی بیٹنگ فارم میں واپس آ گئے ہیں اور انھوں نے گذشتہ میچ میں 20 گیندوں پر 39 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی تھی۔ دوسری طرف سری لنکا کے لیے ترپ کا پتہ ثابت ہونے والے بلے باز مہیلا جائےوردھنا بچے کی پیدائش کے سلسلے میں سری لنکا ہی میں ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے سات پاکستان اور چار سری لنکا نے جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو سال پہلے متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز پاکستان نے ایک صفر سے، ون ڈے سیریز چار ایک سے جب کہ واحد ٹی ٹوئنٹی بھی پاکستان نے جیتا تھا۔



