کرکٹ ٹیم کے نئے ٹرینر، فزیوتھراپسٹ مقرر

ڈیل نیلر اس سے قبل بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنڈیل نیلر اس سے قبل بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی فزیوتھراپسٹ اور ٹرینر ڈیل نیلر کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور ان کے ساتھ چار ماہ کا معاہدہ کیا ہے۔

ڈیل نیلر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سیریز سے اپنی ذمہ داری کا آغاز کریں گے اور بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔

ڈیل نیلر اس سے قبل بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیل نیلر کی تقرری کے ساتھ ہی ٹیم کے ڈاکٹر ریاض اور ٹرینر صبور کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان کو منیجر برقرار رکھا گیا ہے۔ ان کے علاوہ دیگر سٹاف بھی بدستور اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے گا جن میں کوچ ڈیو واٹمور، باؤلنگ کوچ محمد اکرم، فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین اور اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم شامل ہیں۔

واٹمور کی بحیثیت کوچ پاکستانی ٹیم کے ساتھ یہ آخری سیریز ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محدود اوورز کی سیریز کے لیے میجر ( ریٹائرڈ) اظہر عارف اور ٹیسٹ سیریز کے لیے کرنل ( ریٹائرڈ) وسیم کو متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔