محمد حفیظ ایک بار پھر دنیا کے بہترین آل راؤنڈر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ ایک روزہ میچوں کی آئی سی سی کی رینکنگ میں ایک بار پھر دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
سنیچر کو زمبابوے میں ختم ہونے والی تین روزہ میچوں کی سیریز میں محمد حفیظ کو مین آف دا سیریز قرار دیا گیا تھا۔ انھوں نے اس سیریز میں 232 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل کی ویب سائٹ کے مطابق محمد حفیظ نے اس سیریز میں 26 پوائنٹ حاصل کیے، جس کے بعد وہ چار درجے پھلانگ کر پانچویں سے پہلے نمبر پر آ گئے۔ اس دوران انھوں نے شکیب الحسن، روندرا جدیجا، شین واٹسن، اور تلکا رتنے دلشان کو اوورٹیک کیا۔
اس سے پہلے جنوری کے مہینے میں بھی محمد حفیظ آل راؤنڈروں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے تھے، تاہم بعد میں شکیب الحسن ان کی جگہ پر فائز ہو گئے تھے۔
’پروفیسر‘ کے لقب سے پکارے جانے والے محمد حفیظ پاکستانی ٹی20 ٹیم کے کپتان ہیں، اور انھیں مستقبل میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے دیکھا جا رہا ہے۔
حفیظ نے اب تک 129 ایک روزہ میچوں میں 28.90 کی اوسط سے 3527 رنز بنائے ہیں جن میں چھ سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے 34.50 کی اوسط سے 104 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کے سٹار سپنر سعید اجمل بھی آئی سی سی ایک روزہ رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ دو پائیدان اوپر چڑھ کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان سے آگے دو اور سپنر ہیں، بھارت کے روندرا جدیجا اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن۔
اجمل نے زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی حالیہ سیریز کے تین میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
30 اکتوبر کو پاکستان متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گا جس کے دوران ان کے پاس موقع ہو گا کہ وہ اپنی رینکنگ کو مزید بہتر بنا سکیں۔



