بہترین ون ڈے کرکٹر کے لیے مصباح الحق اور سعید اجمل نامزد

ٹی ٹوئنٹی میں سال کی بہترین کارکردگی کے اعزاز کے لیے پاکستان کے عمر گل کو نمازد کیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنٹی ٹوئنٹی میں سال کی بہترین کارکردگی کے اعزاز کے لیے پاکستان کے عمر گل کو نمازد کیا گیا ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عالمی کرکٹ کے مختلف زمروں میں کھلاڑیوں کو ایوارڈز کے لیے نامزدگی کی فہرستیں جاری کی ہے جس میں سال کے بہترین ون ڈے کرکٹر کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور سعید اجمل کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کا مقابلہ بھارت کے شیکھر دھون، مہندر سنگھ دھونی، روندرا جدیجا اور سری لنکا کے بلے باز کمار سنگاکارا سے ہوگا۔

آئی سی کی طرف سے عالمی کرکٹ کے مختلف زمروں میں ایوارڈز کے لیے کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کی فہرستیں منگل کو بھارت کے شہر ممبئی میں جاری کی گئیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں سال کی بہترین کارکردگی کے اعزاز کے لیے پاکستان کے عمر گل کو مارچ سنہ 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی کی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے تین دیگر کھلاڑی بھی نامزد کیے گئے ہیں۔

سال کے بہترین کرکٹر اور بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے لیے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی کے علاوہ دیگر کئی کھلاڑیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

سال کے بہترین کرکٹر اور سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے لیے پاکستان سے کسی کھلاڑی کو نامزد نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ سال ان دونوں ایوارڈز کے لیے پاکستان کے سعید اجمل کو نامزد کیا گیا تھا۔

مہندر سنگھ دھونی نے پیپلز چوئس ایوارڈ جیت لیا ہے۔ اس شعبے میں پاکستان سے کسی کھلاڑی کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔

سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا کو سال کے بہترین کرکٹر اور ون ڈے کے بہترین کرکٹر کے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے زمرے میں پاکستان سے کسی کھلاڑی کو نامزد نہیں کیا گیا جب کہ گذشتہ سال اس ایوارڈ کے لیے پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر جنید خان کو نامزد کیا گیا تھا۔

امپائرنگ کے شعبے میں پاکستان کے امپائر علیم ڈار کو آئی سی سی کی فہرست میں جگہ ملی ہے۔ علیم ڈار تین مرتبہ سال کے بہترین امپائر کی ٹرافی جیت چکے ہیں۔گذشتہ اس ایوارڈ کے لیے پاکستانی ایمپائر اسد رؤف کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

قابلِ ذکر ہے کہ خواتین کے کرکٹ کے ایوارڈز کے کسی زمرے میں پاکستان کی کسی کھلاڑی کو نامزد نہیں کیا گیا۔