بنگلور:بھارت نے میچ اور سیریز جیت لی

بھارت نے بنگلور میں کھیلے جانے والے ساتویں اور سیریز کے آخری ون ڈے ميچ میں آسٹریلیا کو 57 رنز سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز تین دو سے جیت لی۔
میچ کی خاص بات بھارت کی اننگز میں بلے باز روہت شرما کی 16 چھکوں کی مدد سے 209 رنز کی اننگز اور کسی ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ 15 چھکّوں کا ریکارڈ توڑنا تھا۔ شرما مین آف دی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کے حق دار ٹھہرے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88518" platform="highweb"/></link>
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز بنائے۔
جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 45.1 اوورز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کے فالکنر 116 رنزبنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ بھارت کی جانب سے جدیجا اور شامی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں روہت شرما کا یہ سکور ون ڈے کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا سکور ہے۔ بھارت کے ویرندر سہواگ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 219 رنز بنائے تھے اور بھارت کے ہی سچن تندولکر نے ون ڈے میں پہلی ڈبل سنچری بنائی تھی جب انھوں نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے خلاف 200 رنز سکور کیے تھے۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو دو میچ جیتی ہوئی ہیں جبکہ دو میچ بارش کی نذر ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سیریز میں دونوں ٹیموں نے بڑے سکور کیے ہیں اور بھارت نے دو بار 350 رنز سے زیادہ کا ہدف کامیابی کے ساتھ عبور کیا ہے۔



