موہالی: آسٹریلیا نے بھارت کو چار وکٹوں سے ہرا دیا

کپتان ماھندر سنگھ دھونی نے ایک سو انتیس رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی
،تصویر کا کیپشنکپتان ماھندر سنگھ دھونی نے ایک سو انتیس رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی

بھارت کے شہر موہالی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارت نے آسٹریلیا کو 304 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بھارتی بیٹنگ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور کوہلی اور دھونی کے علاوہ کوئی بیٹسمین پچاس سے زیادہ رنز سکور نہ کر سکا۔ تاہم کپتان ماھندر سنگھ دھونی نے ایک سو انتیس رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں انہوں نے بارہ چوکے اور پانچ چھکے مارے۔ کوہلی نے تہتر گیندوں پر اڑسٹھ رنز بنائے اور دونوں بلے بازوں نے بھارت کا سکور تین سو تین تک پہنچا دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے میچل جانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جوابی اننگز میں متعدد بلے بازوں کو اچھا سٹارٹ ملا تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے سے ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ بھارت یہ میچ باآسانی جیت جائے گا۔ دو سو تیرہ کے سکور پر آسٹریلیا کے چھ کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔

تاہم اس وقت آٹھویں نمبر پر آنے والے بلے باز جیمز فالکر نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انتیس گیندوں پر چونسٹھ رنز بنائے۔ انہوں نے چھ چکھے اور دو چوکے مارے۔