جیت تو گئے لیکن بیٹنگ بڑا مسئلہ ہے: مصباح

محمد حفیظ نے اس سال 13 ون ڈے اننگز میں 18.92 کی اوسط سے صرف 246 رنز بنائے ہیں جس میں فقط ایک نصف سنچری شامل ہے
،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ نے اس سال 13 ون ڈے اننگز میں 18.92 کی اوسط سے صرف 246 رنز بنائے ہیں جس میں فقط ایک نصف سنچری شامل ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں پہلی بار ون ڈے سیریز جیتنا معمولی بات نہیں لیکن بیٹنگ اب بھی بڑا مسئلہ ہے جسے سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

جنوبی افریقہ کے دورے سے وطن واپسی پر مصباح کا کہنا ہے کہ پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان ہے۔ وہ ایک میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد اگلے میچز میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

مصباح نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز کی جیت پاکستانی ٹیم کا اعتماد بحال کرنے کے لیے بہت ضروری تھی اور نوجوان ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں شکست کے بعد بہت زیادہ شور مچا تھا اور یہاں تک کہا گیا کہ ٹیم تبدیل کردی جائے لیکن اسی ٹیم نے تاریخ رقم کردی۔

مصباح نے سوال کیا کہ کیا جنوبی افریقہ بھی اپنی ٹیم کو تبدیل کردے گا جو پاکستان سے سیریز ہاری ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ایک سیریز یا چند میچوں کی خراب کارکردگی پر حد سے زیادہ تنقید کی بجائے صبر و تحمل کی ضرورت ہے کیونکہ صرف ایک سیریز ہارنے سے ٹیم خراب نہیں ہو جایا کرتی۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز اچھی رہے گی اور چونکہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کی سخت کنڈیشنز میں کھیل کر آئی ہے جس کا فائدہ اسے ہوگا۔

ٹیم میں متوقع تبدیلیوں کے بارے میں سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی بہتری کے لیے جو بھی تبدیلی ہوگی وہ سب کو نظر آئے گی۔

فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی فٹنس کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ جاتے وقت انھیں عرفان کی کمی محسوس ہو رہی تھی تاہم وہاں بلاول بھٹی اور دوسرے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی۔

پاکستانی ٹیم پانچ دسمبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی جہاں وہ افغانستان کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کھیلے گی جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔