جنوبی افریقی دورے کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان

جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں
،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں

نومبر کے آخر میں جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کے مختصر دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تیز بولر محمد عرفان کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہو جانے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اس دورے میں پاکستان دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ پہلا میچ 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی حالیہ سیریز کے تین ون ڈے میچوں میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔

ان کی جگہ ٹیم میں دو نئے بالروں بلاول بھٹی اور انور علی کو سکواڈ میں شامل کیا گيا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں پاکستان کو جنوبی افریقہ نے دو صفر سے شکست دی
،تصویر کا کیپشنمتحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں پاکستان کو جنوبی افریقہ نے دو صفر سے شکست دی

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف یو اے ای میں گرچہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابری پر ختم کرنے میں کامیاب رہی تھی لیکن ون ڈ ے میں اسے 1-4 سے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف جو حالیہ ہزیمت اٹھانی پڑی ہے مبصرین کی نظر میں اس کی وجہ بیٹنگ رہی ہے تاہم بلے بازی کے شعبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور ٹیم میں جو دو تبدیلیاں ہوئی ہیں وہ بالنگ کے شعبے میں ہے۔

ٹیم اس طرح ہے: مصباح الحق (ون ڈے کپتان)، محمد حفیظ (ٹی ٹوئنٹی کپتان)، احمد شہزاد، عمر اکمل (وکٹ کیپر)، عمر امین، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، شعیب ملک، شعیب مقصود، سہیل تنویر، انور علی، جنید خان، اجمل سعید، عبدالرحمن، ناصر جمشید، اسد شفیق اور بلاول بھٹی۔