دوسرا ٹی ٹوئنٹی، سیریز برابر کرنے کا موقع

جنوبی افریقی ٹیم کلین سوئپ پر نظریں لگائے ہوئے ہے
،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقی ٹیم کلین سوئپ پر نظریں لگائے ہوئے ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں جمعے کی رات دبئی میں دوسرے اور سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔ دبئی میں کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی پاکستان کی نو وکٹوں کی مایوس کن شکست پر ختم ہوا تھا۔

جنوبی افریقی ٹیم کلین سویپ پر نظریں لگائے ہوئے ہے، جب کہ پاکستان کی کوشش ہو گی کہ سیریز برابر کر لی جائے۔

پاکستانی ٹیم کی متواتر کے ساتھ مایوس کن بیٹنگ کے بعد تبدیلیوں کے آپشنز بھی نہیں رہے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ یہی ہو سکتا ہے کہ صہیب مقصود کو ڈراپ کرکے ناصر جمشید کو واپس لایا جائے۔

کپتان محمد حفیظ کا خود کو نمبر چار پر بیٹنگ کرانے کا فیصلہ ناکام رہا۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 12 مرتبہ ڈیل اسٹین کے ہاتھوں آؤٹ ہوچکے ہیں۔

مورنی مورکل اور جے پی ڈومِنی کے وطن واپس چلے جانے کے بعد ہینری ڈیوڈز کو موقع ملنے کی توقع ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کو بھی آرام دیا جائے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس سیریز کے بعد دوبارہ جنوبی افریقہ کا تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں سامنا کرنا ہے۔ یہ سیریز جنوبی افریقہ میں کھیلی جانی ہے جس کے لیے ٹیم کا اعلان چند روز میں متوقع ہے۔