’آنکھیں کھولیں، سترہ سو رنز بناچکاہوں‘

مصباح الحق ٹیم کی بیٹنگ سے مایوس ہیں
،تصویر کا کیپشنمصباح الحق ٹیم کی بیٹنگ سے مایوس ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کاکہنا ہےکہ ان لوگوں کو آنکھیں کھول لینی چاہییں جو اس سال 17 سو رنز سکور کرنے کے باوجود ان پر یہ الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ ٹیم کے لیے نہیں کھیلتے۔

مصباح الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بدھ کے روز جنوبی افریقی دورے کے لیے ٹیم کی تشکیل کے سلسلے میں سلیکٹروں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کےخلاف ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر کی تاہم ون ڈے سیریز میں اسے چار ایک سے شکست کا سامناکرنا پڑا۔

مصباح الحق کو اس بات پر شدید غصہ ہے کہ شاندار کارکردگی کے باوجود کچھ لوگ حقائق جھٹلانے میں مصروف ہیں:’ اس سال 17 سو رنز کرنے کے باوجود مجھ پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ میں ٹیم کے لیے نہیں کھیلتا اور جن بیٹسمینوں کے تین سو رنز بھی نہیں ہیں وہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں تو لوگوں کو آنکھیں کھولنی چاہییں اور دوسروں کو غلط اعدادوشمار نہیں بتانے چاہییں۔‘

مصباح الحق نے کہا کہ بیٹسمینوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف جو کارکردگی دکھائی ہے اس سے آپ کسی بھی ٹیم سے میچ نہیں جیت سکتے۔

’ٹیم پچاس اوورز میں دو سو رنز بھی نہیں کر پا رہی بلکہ پورے اوورز بھی نہیں کھیل پا رہی۔کہیں چھ بیٹسمینوں سے دس رنز نہیں بن رہے کبھی 36 گیندوں پر 42 رنز نہیں بن پارہے ہیں۔پوری بیٹنگ پریشر میں ہے اور کوئی بھی رنز نہیں کر رہا۔‘

مصباح الحق نے کہا کہ کسے ٹیم میں رکھنا ہے کسے نہیں اس کا فیصلہ سلیکٹرز کو کرنا ہے۔

’یہ سب کو معلوم ہے کہ کس کھلاڑی کی کیا کارکردگی ہے یہ دیکھنے کے لیے سلیکشن کمیٹی موجود ہے۔ کرکٹ بورڈ کو بھی اچھی طرح معلوم ہے کہ کس کی کیا پرفارمنس ہے۔‘

مصباح الحق نے واضح کیا کہ وہ میدان نہیں چھوڑیں گے: ’جتنی میری کوشش ہے جتنی میری ہمت ہے اس کے مطابق میں پاکستانی ٹیم کے لیے کر رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا، میدان چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔‘