ابوظہبی: چوتھا ون ڈے، سیریز بچانے کا وقت

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعے کو ابوظہبی میں چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل اس پوزیشن میں کھیل رہی ہے کہ اگر اس نے اپنی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا تو سیریز کا فیصلہ اسی میچ میں ہوجائے گا۔
جنوبی افریقہ نے شارجہ میں کھیلا گیا پہلا میچ ایک رن سے جیتا تھا۔ پاکستان نے دبئی میں 66 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کی لیکن ابوظہبی میں 68 رنز کی جیت نے جنوبی افریقہ کو برتری دلا دی ہے۔
پانچواں اور آخری ون ڈے 11 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی چھ ون ڈے سیریز میں سے چار کا فیصلہ پانچویں اور آخری میچ میں ہوا ہے۔
پاکستانی ٹیم ابھی تک جنوبی افریقہ کے خلاف دو طرفہ ون ڈے سیریز نہیں جیت پائی ہے۔

اس سیریز میں دونوں ناکامیوں کی وجہ پاکستانی بیٹنگ رہی ہے جس نے کپتان مصباح الحق کو یہ کہنے پر مجبور کردیا ہے کہ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے یا بعد میں جب تک بیٹسمین بڑا سکور نہیں کریں گے اس وقت تک ٹیم کا جیتنا ممکن نہیں۔
پاکستانی ٹیم نے آخری بار ڈھائی سو یا زائد رنز کا ہدف دو سال نو ماہ پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف عبور کیا تھا جس کے بعد سے بیٹنگ ہمیشہ دھوکہ دیتی آئی ہے۔
موجودہ سیریز میں پاکستان کی طرف سے صرف احمد شہزاد نے دو نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
محمد حفیظ، عمر اکمل اور عمر امین بری طرح ناکام رہے ہیں۔ کپتان مصباح الحق بھی جنہوں نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بیٹنگ کی تھی ون ڈے سیریز میں قابل ذکر سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
اس کے برخلاف پاکستانی بولروں نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ سعید اجمل اور شاہد آفریدی نے آٹھ آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ محمد عرفان کی وکٹوں کی تعداد سات ہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر اور مورنی مورکل آٹھ آٹھ وکٹوں کے ساتھ قابل ذ کر ہیں۔



