بھارت:این سری نواسن کی کرکٹ بورڈ میں واپسی

بھارت کی سپریم کورٹ نے اپنے داماد کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کے عہدے سے الگ ہونے والے این سری نواسن کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا۔
گزشتہ ماہ بی سی سی آئی بورڈ کے سالانہ اجلاس میں این سری نواسن مسلسل تیسری بار بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے صدر کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
<link type="page"><caption> بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر عہدے سے الگ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2013/06/130602_bcci_president_step_aside_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
عدالت نے سری نواسن کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت تو دے دی تھی لیکن ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی تھی کہ اگلے حکم تک وہ عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔
منگل کو عدالت کے دو رکنی بینچ کے ایک رکن جسٹس اے کے پٹنائیک کے فیصلے کے مطابق’سری نواسن کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) کے صدر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں، لیکن ایک الگ پینل تشکیل دیا گیا ہے جو اس کیس میں تحقیقات کرے گا‘۔
سری نواسن پر کوئی الزام نہیں تھا لیکن ان کے داماد گروناتھ ميپّن کے میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار ہونے کے بعد انہیں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔
گروناتھ ميپّن کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔
این سری نواسن کو صدر کے طور پر باقاعدہ کام کاج کرنے سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔ اس دوران ان کی جگہ جگ موہن ڈالمیا بورڈ کی روزانہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
سری نواسن کا شمار عالمی کرکٹ کی بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔



