سرینا ویلیمز یو ایس اوپن کے فائنل میں

یو ایس اوپن کی دفاعی چیمپئین سرینا ویلیمز ٹورنامنٹ کے فائنل میں پنچ گئی ہیں جہاں ان کا مقابلہ وکٹوریہ ازرینکا سے ہو گا۔
جمعے کو کھیلے جانے والے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں سرینا ویلیمز نے اپنی حریف لی کو سٹریٹ سیٹس میں چھ صفر اور چھ تین سے شکست دی۔
سیمی فائنل جیتنے کے بعد سرینا نے کہا ’لی ایک بہترین کھلاڑی ہیں شروع میں تھوڑی نروس تھی تاہم آخر کار میں انھیں ہرانے میں کامیاب رہی‘۔
ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر براجمان 31 سالہ سرینا ویلیمز یو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں چھ میچوں میں اب تک 16 گیموں میں شکست کھائی ہے۔
یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچنے والی سرینا ویلیمز اور وکٹوریہ ازرینکا کے درمیان رواں برس میں اب تک تین مقابلے ہو چکے ہیں۔
دوحا میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں وکٹوریہ ازرینکا نے سرینا ویلیمز کو سات چھ، دو چھ اور چھ تین سے شکست دی تھی۔
روم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سرینا ویلیمز نے وکٹوریہ ازرینکا کوچھ ایک اور چھ تین کے فرق سے ہرایا تھا۔
امریکی ریاست اوہائيو کے شہر سینسناٹی میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں وکٹوریہ ازرینکا نے سرینا ویلیمز کو دو چھ، چھ دو اور سات چھ سے شکست دی تھی۔
جمعے کو ہی کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو بیلاروس کی وکٹوریہ ازرینکا نے اٹلی کی فلاویہ پنیٹا کو چھ چار اور چھ دو کے فرق سے ہرایا۔



