لندن: یوسین بولٹ نے 100 میٹر ریس جیت لی

چھ بار عالمی چیمپیئن رہنے والے جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے لندن میں اس سال کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 میٹر کی دوڑ جیت لی۔
یہ دوڑ لندن کے اولمپک سٹیڈیم میں سنہ 2012 کے اولمپکس کھیلوں کی سالگرہ کے موقع کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔
یوسین بولٹ نے یہ دوڑ 9.85 سیکنڈز میں جیتی۔
دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ بولٹ نے ذرا ڈھیلی ڈھالی شروعات کی تھی لیکن پھر دوڑ کے آخری مرحلے میں انھوں نے امریکہ کے مائیکل راجرز کو سیکنڈ کے تین سویں حصے سے پیچھے چھوڑ دیا۔
راجرز دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جمیکا کے ہی نیٹسا کارٹر نے 9.99 سیکنڈز میں دوڑ مکمل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
برطانیہ کے جیمس دسالو کولہوں میں کھنچاؤ آنے کی وجہ سے ریس سے قبل ہی مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔
اس ریس میں حصہ لینے والے برطانیہ کے واحد ایتھلیٹ دوین چیمبرز پانچویں نمبر پر رہے اور انھوں نے سو میٹر کا فاصلہ 10.10 سیکنڈ میں پورا کیا۔
یوسین بولٹ نے 60 ہزار شائقین کے سامنے اس دوڑ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
جیت کے بعد انھوں نے کہا’لندن میں جیت انتہائی دلچسپ ہوتی ہے۔ یہاں دوبارہ آنا شاندار تجربہ ہے‘۔
تیز ترین دوڑ کا عالمی ریکارڈ رکھنے والے بولٹ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ عالمی چیمپیئن شپ سے قبل انہیں کافی محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا ’میری شروعات خراب تھی اور مجھے اس میں اصلاح کی ضرورت ہے‘۔
انھوں نے کہا ’ہر طرح سے مکمل ریس کے لیے مجھے اچھی شروعات کی ضرورت ہے۔ امید کہ میں ماسکو میں اس سے کم وقت میں ریس پوری کر سکوں گا اور مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی پیش کرتا رہوں گا‘۔
یوسین بولٹ کی کارکردگی کے پیش نظر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ماسکو میں ہونے والے عالمی اعزاز کو دوبارہ حاصل کر لیں گے۔



