ایشز: ڈار کے’غلط‘ فیصلے پر تنازع

براڈ کے میدان سے نہ جانے پر بلے باز کی اخلاقی ذمہ داری پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنبراڈ کے میدان سے نہ جانے پر بلے باز کی اخلاقی ذمہ داری پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں

ا انگلینڈ کے بالر سٹورٹ براڈ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن جمعہ کو ان کے رویے کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا ہے۔

ان سے زیادہ تنقید پاکستان کے امپائر علیم ڈار پر کی جا رہی ہے جن سے ایک غلطی ہوئی اور انھوں نے براڈ کو ناٹ آؤٹ قرار دیا جبکہ ٹی وی ری پلے میں وہ صاف آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا نے فیصلے کے ریویو کے اپنے دونوں مواقع گنوا دیے تھے اس لیے وہ براڈ کے معاملے میں ریویو نہیں لے سکا اور یہ تنازع کھڑا ہو گيا۔

اس معاملے میں بلے باز کی اخلاقیات، کلارک کے فیصلے لینے کی اہلیت اور علیم ڈار کی ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کی اہلیت پر سوال اٹھنے شروع ہوگئے۔

آسٹریلیا کے پیٹر سیڈل نے کہا ’یہ کوئی بڑی بات نہیں تھی کتنے کھلاڑی ایسے ہیں جو آؤٹ ہونے پر خود سے چلے جاتے ہیں؟‘ بہرحال کرکٹ کے ماہرین نہ تو سٹورٹ براڈ کو اور نہ ہی علیم ڈار کو معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر شین وارن نے ٹوئٹر پر ڈار پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہا ’اسے کبھی کچھ پتہ ہی نہیں ہوتا ہے۔ ہم سب سے غلطی ہوتی ہے اور امپائرنگ کا کام مشکل ہے لیکن جب ڈار مسلسل بڑی غلطیاں کرتے ہیں تو پھر انہیں یہ کام کیوں دیا جاتا ہے؟‘۔

آسٹریلیا کے ہی ایک سابق فاسٹ بالر روڈنی ہاگ نے بھی علیم ڈار کو ٹیسٹ سے ہٹانے کی بات کی ہے۔

کیون پیٹرسن نے کہا علیم ڈار بہترین امپائر ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں انہیں بہترین امپائروں میں شمار کیا جاتا رہا ہے
،تصویر کا کیپشنکیون پیٹرسن نے کہا علیم ڈار بہترین امپائر ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں انہیں بہترین امپائروں میں شمار کیا جاتا رہا ہے

فیصلے پر نظرثانی کے نظام ڈی آر ایس سے یہ امید کی جا رہی تھی کہ اس سے غلطیوں میں کمی ہوگی لیکن اس کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔ ہر ایک ٹیم کو فی اننگز ریویو کے دو مواقع دیے جاتے ہیں جب تک کہ غلط ریویو کے ذریعے وہ انہیں کھو نہیں دیتے۔

یاد رہے کہ مائیکل کلارک نے جانی بیرسٹو کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی پرجوش اپیل پر نظرثانی لے کر اپنا دوسرا اختیار بھی گنوا دیا تھا۔

انگلینڈ کے بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا کہ علیم ڈار کے فیصلے پر نظر ثانی سے قبل ہچکچاہٹ ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا ’آپ کو ڈی آر ایس کا استعمال اچھی طرح کرنا ہوتا ہے۔ علیم ڈار بہترین امپائر ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں بہترین امپائروں میں شمار کیا جاتا رہا ہے‘۔

آسٹریلیا کے سابق تیز گیندباز گلین میک گرا نے کہا کہ اس الزام میں کلارک بھی برابر کے شریک ہیں۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا’انھوں نے ڈی آر ایس کے لیے غلط فیصلے کیے۔ امید کہ وہ اب سے بہتر فیصلے کے لیے اس کا استعمال کریں گے‘۔

بہر حال کرکٹ کمنٹیٹرز نے سٹورٹ براڈ کی حرکت کو سکول کے طالب علم کی حرکت قرار دیا لیکن بہت سے کھلاڑیوں نے اسے بری الذمہ قرار دیا۔

شین وارن نے کہا آپ براڈ کو نہ جانے پر الزام نہیں دے سکتے‘ جبکہ پیٹرسن نے کہا ’ہم لوگ جان لگا کر ایمانداری کے ساتھ کھیلتے ہیں اور ہر کھلاڑی کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ امپائر کے فیصلے کا انتظار کرے‘۔