امپائرز کے خلاف تحقیقات مکمل ، فیصلہ آئندہ ہفتے
کرپشن کے الزام میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی کرکٹ امپائرز ندیم غوری اور انیس صدیقی کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ہفتے کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ان دونوں امپائرز کے نام ایک بھارتی ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں سامنے آئے تھے جس میں چھ امپائرز نے بھاری معاوضوں کے عوض من پسند فیصلے کرنے میں مبینہ طور پر دلچسپی ظاہر کی تھی۔ بھارتی ٹی وی چینل کے انڈر کور رپورٹرز نے خود کو ایک سپورٹس منیجمنٹ کمپنی کے نمائندے ظاہر کرتے ہوئے ان امپائرز سے سکائپ کے ذریعے بات چیت ریکارڈ کی تھی۔
سکینڈل میں شامل تمام امپائرز فوری طور پر معطل کردیئےگئے تھے جن میں سے بنگلہ دیشی امپائر نادر شاہ پر دس سالہ پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذ کا اشرف نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ پاکستانی امپائرز کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے اور اس بارے میں آئی سی سی کو بھی مطلع کردیا گیا ہے تاہم انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے امپائرز کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کا اجلاس جلد ہوگا جس میں امپائرز بھی پیش ہوں گے اور ان کے سامنے تمام شواہد رکھے جائیں گے جس کے بعد حق و انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جائے گا۔
ندیم غوری پانچ ٹیسٹ، تنتالیس ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
انیس صدیقی فرسٹ کلاس امپائر ہیں ۔



