چیمپیئنز ٹرافی: انگلینڈ کی دس رنز سے جیت

کارڈف میں کھیلے جانے والا یہ میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا
،تصویر کا کیپشنکارڈف میں کھیلے جانے والا یہ میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جا رہی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے کے ایک میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دس رنز سے شکست دے دی ہے۔

انگلینڈ اب ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

کارڈف میں بارش کی وجہ سے یہ میچ تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو چوبیس اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87859" platform="highweb"/></link>

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نےتئیس اعشاریہ تین اوورز میں 169 رنز بنائے۔

جواب میں نیوزی لینڈ مقررہ چوبیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز میں ویلمسن 67 رنز بنا کر بہترین سکورر رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی طرح نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور ستائیس کے سکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

انگلینڈ کی اننگز میں پچیس کے سکور پر دو کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے۔ اس موقع پر الیسٹر کُک اور جؤ روٹ نے عمدہ بیٹنگ کی اور پچھتر رنز کی شراکت کی۔ انگلینڈ کے بہترین بلے باز الیسٹر کُک جو چونسٹھ رنز بنا کر مین آف دی میچ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل مِلز نے چار، مکینیگن نے تین جبکہ وٹوری اور میکلم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے 9 جون کو کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کو 48 رنز سے ہرایا تھا جبکہ سری لنکا نے 14 جون کو انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے تھی جبکہ 12 جون کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔