چیمپیئنز ٹرافی:جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ بی کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ ٹائی ہوگیا تاہم گروپ میں بہتر رن اوسط کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

کارڈف میں کھیلے جا رہے اس میچ کو بارش کی وجہ سے 31 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تاہم ویسٹ انڈین اننگز کے ستائیسویں اوور میں مزید بارش کے بعد ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت میچ برابر قرار دیا گیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87857" platform="highweb"/></link>

اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو جنوبی افریقہ نے مقررہ اکتیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے انگرم 73 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ ملر نے 38 رنز بنائے۔

جواب میں ویسٹ انڈیز نے سیموئلز کے 48 رنز کی بدولت چھ وکٹوں کے ہی نقصان پر 190 رنز بنائے۔

اس گروپ سے بھارت پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور میچ برابر رہنے پر جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس برابر ہوگئے لیکن بہتر رن ریٹ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس گروپ کا آخری میچ سنیچر کو پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

انگلینڈ میں 6 جون سے شروع ہو کر 18 دن تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔