لندن:سری لنکا نے انگلینڈ کو ہرا دیا

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے کے ایک میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
لندن کے اوول گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو فتح کے لیے 294 رنز کا ہدف دیا جو اس نے اڑتالیسوں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87855" platform="highweb"/></link>
سری لنکن اننگز کی خاص بات کمارا سنگاکارا کی شاندار سنچری اور اننگز کے آخر میں نوان کلاسیکرا کی جارحانہ نصف سنچری تھی۔
سنگاکارا نے 11 چوکوں کی مدد سے 134 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کلاسیکرا نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 58 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو چھ رنز کی شراکت ہوئی۔
ان کے علاوہ سری لنکن اننگز میں دلشان 44 اور جیاوردھنے 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے پہلے انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب کپتان ایلسٹر کک،جوناتھن ٹراٹ اور جوائے روٹ نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹراٹ 5 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
انگلش بلے باز روی بوپارا نے اننگز کے آخری اوور میں تین چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ملنگا، شامندہ اور ہیرات نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کھیلنے کا چانس برقرار رکھنے کے لیے سری لنکا کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے 9 جون کو کارڈیف میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے تھی جبکہ انگلینڈ نے برمنگھم کے میدان میں آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
چھ سے تئیس جون تک منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔



