چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ بی کے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اس چیمپیئنز ٹرافی میں اپنے تینوں میچ ہار گیا جبکہ بھارت گروپ بی میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس کے تحت بھارتی اننگز کو 22 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 22 اوورز میں 102 رنز سکور کرنے تھے جو اس نے 19.1 اوورز میں حاصل کر لیے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87858" platform="highweb"/></link>
بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ 40 اوورز تک محدود کر دیا گیا تاہم پاکستان مقررہ 40 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکا اور پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی طرف سے روہت شرما اور شکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔
آوٹ ونے والے کھلاڑی رہت شرما ہیں جنہوں نے 32 گیندوں پر 18 رنز بنائے اور وہ سید اجمل کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شکھر دھون تھے جنہوں نے 48 رنز بنائے اور وہاب ریاض کے گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کوہلی 22 اور دنیش کارتک 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے پہلے پاکستان کی جانب اس مرتبہ کامران اکمل اور ناصر جمشید نے اننگز شروع کی اورگزشتہ میچوں کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 4 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ناصر جمشید بھونیشور کمار کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔
دوسری وکٹ کے لیے محمد حفیظ اور کامران اکمل کے درمیان 46 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ بھونیشور کمار نے ہی حفیظ کو آؤٹ کر کے کیا۔
بعد میں آنے والے بلے بازوں میں اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا اور پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
اسد شفیق نے 41 رنز بنائے اور وہ دھونی کے ہاتھوں شرما کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ایشون اور جدیجا نے 2، 2 جبکہ ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی اننگز دو مرتبہ بارش کی وجہ سے متاثر ہوئی اور پہلے 12 ویں اور پھر 19 ویں اوور میں کھیل روکا گیا۔
بھارت کے بھونیشور کمار کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



