21 کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ

 اے کیٹگری کے کرکٹر کو ماہانہ تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے ملیں گے
،تصویر کا کیپشن اے کیٹگری کے کرکٹر کو ماہانہ تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے ملیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے اکیس کرکٹرز کو تین کیٹگریز میں کنٹریکٹ دیے ہیں۔

ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق، ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ، یونس خان، سعید اجمل اور شاہد آفریدی کو اے کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹگری میں عمرگل، شعیب ملک، عبدالرحمن، ناصر جمشید، عمر اکمل، جنید خان، اسد شفیق اور اظہرعلی شامل ہیں۔

عمرگل عبدالرحمن اور عمراکمل گزشتہ سال اے کیٹگری میں شامل تھے۔

کامران اکمل، عمران فرحت، محمد عرفان، توفیق عمر، اعزاز چیمہ، عدنان اکمل، فیصل اقبال اور احمد شہزاد کو سی کیٹگری میں کنٹریکٹ دیے گئے ہیں۔

پاکستانی کرکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل کنٹریکٹ پر دستخط کر دیے تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ ماہانہ تنخواہ میں پندرہ فیصد اور ٹیسٹ میچ کی فیس میں پچاس ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹگری کے کرکٹر کو ماہانہ تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے ملیں گے۔

بی کیٹگری میں یہ رقم ڈھائی لاکھ روپے اور سی کیٹگری میں ایک لاکھ چوالیس ہزار روپے بنتی ہے۔