پرامید ہوں، گیم پلان واضح ہے: مصباح

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ واضح گیم پلان کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی میں جارہے ہیں اور پْرامید ہیں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کو علی الصبح برطانیہ روانہ ہورہی ہے۔چیمپئنز ٹرافی سے قبل وہ ایڈنبرا اور ڈبلن میں اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف چار ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی چھ سے تیئس جون تک کھیلی جارہی ہے۔ پاکستانی ٹیم گروپ بی میں ہے۔ وہ پہلا میچ سات جون کو اوول میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔ دس جون کو اس کا دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ایجبسٹن میں ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پندرہ جون کو ایجبسٹن میں مدِمقابل ہونگی۔
مصباح الحق نے ٹیم کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم متوازن ہے اگرچہ کچھ لوگوں کے خیال میں یہ نوجوان ٹیم ہے لیکن نوجوان کرکٹرز نے ہمیشہ اہم مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ان میں موجود ٹمپرامنٹ دیکھ کر انہیں یقین ہے کہ وہ مایوس نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقی دورے کی مثال دیتے ہوئے پہلے بھی دے چکے ہیں کہ دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف مشکل کنڈیشن میں کھیل کر پاکستانی ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ تجربہ اسے انگلینڈ میں کام آئے گا۔
مصباح الحق نے کہا کہ عمرگل یقیناً ایک تجربہ کار بولر ہیں لیکن بھارت اور جنوبی افریقہ کے دوروں میں محمد عرفان اور جنید خان نے جس عمدگی سے بولنگ کی ہے وہ حوصلہ افزا بات ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ جب آپ آئی سی سی کے بڑے ایونٹ میں کھیلنے جاتے ہیں تو کسی ایک ٹیم کے بارے میں نہیں سوچتے آپ اسی وقت چیمپئن بنتے ہیں جب آپ مدمقابل تمام ٹیموں کو ہرائیں اور پاکستانی ٹیم اسی مقصد کے ساتھ جارہی ہے کہ جیتے گی۔



