باکسر عامر خان کی سخت مقابلے کےبعد جیت

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے شیفیلڈ میں ہونے والے ایک سخت مقابلےکے بعد میکسیکو کے باکسر جولیو ڈیاز کو شکست دے دی ہے۔
دو سالوں میں پہلی بار برطانوی سرزمین پر ہونے والے اس مقابلے میں بولٹن سے تعلق رکھنے والے عامر خان نے ایک انتہائی سخت مقابلے کے بعد جولیو ڈیاز کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ اس مقابلے میں پہلی بار عامر خان مکا کھا کرگرنے کے بعد اٹھ کر مقابلہ جیت لیا۔
جولیو ڈیاز نے چوتھے کے شروع ہوتے ہوئے عامر خان کو ایک زور دار مکا رسید کیا اور وہ کرگر پڑے لیکن جلد ہی اپنے حواس بحال کر کے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے اور جولیو ڈیاز پر پے در پے وار کیے۔
ججوں نے متفقہ فیصلے میں عامر خان کو فاتح قرار دیا ہے۔

عامر خان نے مقابلے کے بعد کہا کہ جولیو ڈیاز نے انہیں سخت امتحان میں ڈالا اور یہ اس کی زندگی کے مشکل مقابلوں میں سے ایک تھا۔
عامر خان لیمنٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا سے مقابلوں میں شکست کے بعد ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ویلٹر ویٹ ٹائیٹلوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
تینتیس سالہ جولیو ڈیاز دو مرتبہ لائٹ ویٹ چیمپئن رہ چکے ہیں۔
اب تک عامر خان نے اٹھائیس مقابلوں میں حصہ لیا ہے جن میں سے اٹھارہ میں اپنے مد مقابل کو ناک آؤٹ کیا۔



