’پیٹرسن کی ٹیم میں شمولیت ضروری‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 13 اکتوبر 2012 ,‭ 06:15 GMT 11:15 PST

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پندرہ نومبر سے احمد آباد میں شروع ہو گا

برطانوی کرکٹ ٹیم کے بالر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر واپس لانے کے لیے ٹیم میں کیون پیٹرسن کی شمولیت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ برطانیہ کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر واپس آئے اور اس کے لیے ہمارے بہترین کھلاڑیوں کو عمدہ کاررگردگی دکھانا ہو گی اور پیٹرسن ان میں سے ایک ہیں۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پندرہ نومبر سے احمد آباد میں شروع ہو گا۔

اینڈرسن نے بی بی سی ریڈیو فائیو کو بتایا کہ ٹیم میں پیٹرسن کی شمولیت سے انھیں خوشی ہو گی۔

واضح رہے کہ بتیس سالہ پیٹرسن کو گزشتہ ماہ اُس وقت ٹیم سے نکال دیا تھا جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم اور بالخصوص کپتان اینڈریو سٹراس کے بارے میں ’اشتعال آنگیز‘ ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے۔

کیون پیٹرسن نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر اپنے ہی ملک کی ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید پر مبنی تحریری پیغامات بھیجنے پر معافی مانگ لی تھی۔

بتیس سالہ کیون پیٹرسن انگلینڈ کی جانب سے اٹھاسی ٹیسٹ میچوں میں انچاس اعشاریہ چار آٹھ کی اوسط سے اکیس سنچریوں اور ستائیس نصف سنچریوں کی بدولت سات ہزار چھہتر رنز بنا چکے ہیں۔

پیٹرسن نے ایک سو ستائیس ایک روزہ میچوں میں اکتالیس اعشاریہ آٹھ چار کی اوسط سے نو سنچریوں اور تئیس نصف سنچریوں کی مدد سے چار ہزار ایک سو چوراسی جبکہ چھتیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سینتیس اعشاریہ نو تین کی اوسط سے سات نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار ایک سو چھہتر رنز بنائے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>