
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو سولہ رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں جیتنے کے لیے پاکستان کو ایک سو چالیس رنز کا ہدف دیا تھا مگر پاکستان کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تیئس رنز ہی بنا سکی۔
کلِک میچ میں کب کیا ہوا: لائیو اپ ڈیٹ
پاکستان کی جانب سے کپتان محمد حفیظ نے بیالیس اور عمر اکمل نے چوبیس رنز بنائے۔
پاکستانی بلے بازوں نے غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ نے تین، میتھیوز اور مینڈس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انتالیس رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے جے وردھنے نے سات چوکوں کی مدد سے بیالیس جبکہ دلشان نے تین چوکوں کی مدد سے پینتیس رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، شاہد آفریدی، عمر گل اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کے جے وردھنے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔






























