
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایک رن سے شکست دے دی ہے تاہم وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور بھارت نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو باون رنز بنائے تھے۔
اس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ایک سو اکیاون رنز بنا سکی۔ تاہم جب اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ایک سو بائیس رنز مکمل کیے تو بھارت کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکناچور ہوگیا اور پاکستان بہتر رن ریٹ کی وجہ سےگروپ بی سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف چھتیس رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی اننگز میں سریش رائنا تینتیس گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے پینتالیس اور روہت شرما پچیس رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنی مورکل اور پیٹرسن نے دو دو جبکہ کیلس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
جواب میں بھارت کی طرح جنوبی افریقہ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف سولہ رنز کے مجموعی سکور پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر فاف ڈوپلیسی نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے پینسٹھ رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
تاہم ان کے بعد آنے والے بلے بازوں میں کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم آخری اوور میں ایک سو اکیاون رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے ظہیر خان اور بالا جی نے تین، تین، یوراج سنگھ نے دو جبکہ عرفان پٹھان اور ایشون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔






























