
پاکستان کو فتح کے باوجود سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑا
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ بی سے پاکستان اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
منگل کو کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے آخری دو میچوں میں پہلے پاکستان نے آسٹریلیا کو بتیس رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایک رن سے ہرایا۔
پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے ایک سو پچاس رنز کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن آسٹریلوی ٹیم ایک سو سترہ رنز ہی بنا سکی۔
سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آسٹریلیا کو ایک سو بارہ رنز ہی بنانا تھے اور یوں آسٹریلوی ٹیم شکست کے باوجود گروپ بی سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی۔
پاکستان کو فتح کے باوجود سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑا۔
اس میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے ایک سو ترپن رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ایک سو اکیاون رنز بنا سکی اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر آل آؤٹ ہوگئی۔
فتح کے باوجود بھارتی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہی کیونکہ جب جنوبی افریقہ نے ایک سو بائیس رنز کا ہندسہ عبور کیا تو پاکستان نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان دنیائے کرکٹ کی وہ واحد ٹیم ہے جس نے اب تک کھیلے گئے تمام ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان جمعرات کو سری لنکا کا سامنا کرے گا جبکہ جمعہ کو دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012 کا فائنل اتوار سات اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔






























