
پالیکلے میں کھیلے جانے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں شکست دے دی۔
میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سترہ رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے سپر اوور کی پانچویں گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
اس شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں سے باہر ہو گئی ہے۔
اس سے قبل پالیکلے میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ایک سو چالیس رنز کا ہدف دیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انتالیس رنز بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے چالیس گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست باسٹھ رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز برینڈن مکلم رہے، انہوں نے بائیس رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نائران نے تین جبکہ رام پال اور ڈیرن سامی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پالیکلے میں کھیلے جانے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
ویسٹ انڈیر کی پوری ٹیم انیس اعشاریہ تین اوورز میں ایک سو انتالیس رنز بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف ستاسی رنز کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے تیس اور پولارڈ نے اٹھائیس رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بریس ویل اور ٹم سودی نے تین تین، جبکہ نیتھن مکلم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔






























