
مہندر سنگھ دھونی نے ممکنہ تبدیلیوں کی جانب اشارہ کیا ہے۔
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی۔
ہفتہ کو بھارتی کرکٹ ٹیم نے تقریباً تین گھنٹے کولمبو کے اوول میدان میں پریکٹس کی۔ تاہم وریندر سہواگ، ظہیر خان، بالاجی اور آف اسپنر آر اشون پریکٹس میں حصہ نہیں لیا۔
پریکٹس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کی فارم بطور کپتان ان پر کچھ دباؤ تو ضرور ڈالتے ہیں لیکن یہ بڑے کھلاڑی ہیں اور جلد واپسی کریں گے۔
انہوں نے کہا: ’میرے خیال میں بھارتی ٹیم میں ظہیر خان کا وہ درجہ ہے جو سچن تندولکر کا ہے۔ ظہیر کا گیند بازی میں وہی کردار ہے جو بیٹنگ میں سچن کا رہتا ہے۔‘
ٹیم میں ظہیر کا مقام
"میرے خیال میں بھارتی ٹیم میں ظہیر خان کا وہ درجہ ہے جو سچن تندولکر کا ہے۔ ظہیر کا گیند بازی میں وہی کردار ہے جو بیٹنگ میں سچن کا رہتا ہے"
مہندر سنگھ دھونی
ساتھ ہی دھونی نے اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ہونے والے گروپ اے کے ایک اہم میچ کے پہلے ٹیم میں کچھ تبدیلیوں کی جانب بھی اشارہ کیا ہے
انہوں نے کہا: ’ہم چاہتے ہیں کہ بڑے میچ شروع ہونے سے پہلے ٹیم کے ہر رکن کی میچ پریكٹس ہو جائے۔ اس لیے ہم اگلے میچ میں کچھ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔
سنیچر کو جن ہندوستانی کھلاڑیوں نے میدان میں دوسروں کے مقابلے زیادہ پسینہ بہایا ان میں گوتم گھمبیر، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ شامل ہیں۔
یوراج سنگھ نے بھی پہلے فٹ بال پریکٹس میں حصہ لیا اور پھر اس کے بعد تقریبا آدھے گھنٹے جم کر نیٹ میں بلے بازی بھی کی۔
مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں اس بات پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے کہ ان کی ٹیم کتنی بہتر ہے۔’ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ ہمیں اپنی کرکٹ میں کن چیزوں میں اصلاح لانے کی ضرورت ہے۔‘






























