
دھونی کو پانچویں مرتبہ جبکہ ورات کوہلی کو پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا ہے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس سال کی اپنی ایک روزہ میچوں کی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی کے سلیکشن پینل کی سربراہی ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کر رہے تھے۔
ٹیم کا اعلان آئی سی سی کے چیف ایگزیکیوٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایک تقریب کے دوران جمعہ کو کیا۔ ایل جی آئی سی سی ایوارڈز میں گزشتہ بارہ ماہ کے بہترین کھلاڑی اور آفیشلز کو سراہا جاتا ہے۔
آئی سی سی کی ٹیم:
گوتم گھمبیر (انڈیا)
ایلیسٹیئر کک (انگلینڈ)
کمار سنگاکارا (سری لنکا)
ورات کوہلی (انڈیا)
ایم ایس دھونی (کپتان، انڈیا)
مائیکل کلارک (آسٹریلیا)
شاہد آفریدی (پاکستان)
مورن مورکل (جنوبی افریقہ)
سٹیون فن (انگلینڈ)
لاسیتھ ملنگا (سری لنکا)
سعید اجمل (پاکستان)
شین واٹسن (بارہویں کھلاڑی، آسٹریلیا)
یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ دو ہزار گیارہ کی ٹیم کے کھلاڑی کمار سنگاکارا، لاسیتھ ملنگا، اور شین واٹسن بھی شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ
دریں اثنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے بلے باز برینڈن میککلم پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز منگل کو چینائی میں انڈیا کے خلاف اکانوے رنز بنا کر حاصل کیا۔ بولرز کی صف میں پاکستان کے سعید اجمل رہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف آٹھ اعشاریہ چھ چھ کی اوسط سے چھ وکٹ حاصل کیے۔ اس سے قبل اجمل ایک روزہ میچوں میں بھی صفِ اول کے بولر قرار پائے ہیں۔






























