
یہ وارم اپ میچوں میں انگلینڈ کی لگاتار دوسری فتح ہے
سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو پندرہ رنز سے شکست دے دی ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم انیس اعشاریہ تین اوورز میں ایک سو گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے لیوک رائٹ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہیں سکا۔ انہوں نے اڑتیس رنز بنائے جبکہ اننگز میں دوسرا نمایاں سکور پندرہ تھا جو بٹلر نے بنایا۔
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار جبکہ حسن رضا اور یاسر عرفات نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی بلے باز بھی بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم بیسویں اوور میں چھیانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اسد شفیق بیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ انگلینڈ کے لیے ڈرنبیچ اور برگز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ وارم اپ میچوں میں انگلینڈ کی لگاتار دوسری فتح ہے۔ پیر کو پہلے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو نو رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بدھ کوآئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے دوسرے دن دو میچ کھیلے جائیں گے جن میں آسٹریلیا کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہو گا جب کہ بھارت اور افغانستان مدمقابل ہوں گے۔






























