دانش کنیریا مجرم، برطانیہ میں تاحیات پابندی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق کھلاڑی دانش کنیریا کو کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں برطانیہ میں کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے لیگ سپنر دانش کنیریا کو ایسیکس کے کھلاڑی مرون ویسٹفیلڈ کو سپاٹ فکسنگ پر اکسانے کے دو الزامات میں مجرم قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایسیکس کے سابق کھلاڑی مروِن ویسٹفیلڈ کو سپاٹ فکسنگ کے الزام میں عدالت نے چار ماہ جیل کی سزا سنائی تھی۔
پاکستانی ٹیم کے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا نے ان الزامات کی تردید کی تھی کہ وہ کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ پر اکساتے تھے۔لیکن ای سی بی کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کنیریا نے ویسٹفیلڈ کو سپاٹ فکسنگ پر اکسایا۔
دانش کنیریا اور ویسٹفیلڈ کو جمعہ کو سزا سنائی جائے گی۔
اس کیس کا تعلق سنہ 2009 میں ایسیکس اور درہم میں ہوئے میچ سے ہے جس میں ویسٹفیلڈ نے چھ ہزار پاؤنڈ کے عوض اپنے پہلے اوور میں بارہ رنز دیے۔
ای سی بی کی انضباطی کمیٹی کے مطابق کنیریا نے کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ پر اکسایا، نوجوان کھلاڑی ویسٹفیلڈ پر دباؤ ڈالا کہ وہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوں اور کنیریا اس وقت موجود تھے جب ویسٹفیلڈ کو چھ ہزار پاؤنڈ دیے گئے۔
دانش کنیریا کو دو ہزار نو میں ایک کاونٹی میچ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیاگیا تھا لیکن پولیس نے ناکافی ثبوت ہونے کی بنا کر انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
دانش کنیریا پاکستان میں فرسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔



