میچ فکسنگ، سری لنکا کے اہم کھلاڑی سے پوچھ گچھ

کھلاڑی کا نام نہیں بتایا جا سکتا: آئی سی سی ترجمان
،تصویر کا کیپشنکھلاڑی کا نام نہیں بتایا جا سکتا: آئی سی سی ترجمان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اینٹی کرپشن یونٹ سری لنکا کے ایک اہم کھلاڑی سے میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیق کر رہا ہے۔

بی بی سی سنہالہ کو پتہ چلا ہے کہ سری لنکن ٹیم کے کوچ برینڈن کروپو نے ایک ’اہم کھلاڑی‘ کو ایک میچ فکسر کے ہمراہ دیکھنے کے بعد آئی سی سی کو اطلاع دے دی ۔ کروپو اب سری لنکا کی ٹیم کے مینیجر نہیں ہیں۔ آئی سی سی نے برینڈن کروپو کے اقدام کو سراہا ہے۔

سری لنکا کرکٹ کے چیئرمین ڈی ایس ڈی سلوا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ان الزامات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

اطلاعات کے مطابق آئی سی سی اینٹی نے مینجر برینڈن کروپو کی رپورٹ کے فوراً بعد اینٹی کرپشن یونٹ کی ایک خصوصی ٹیم کو سری لنکا روانہ کیا جو مشتبہ کھلاڑی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

سری لنکا پولیس بھی معاملے کی انکوئری کر رہی ہے لیکن ابھی تک کسی شخص کے خلاف باضابطہ الزام نہیں لگایا گیا ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان نے اس کھلاڑی کا نام ظاہر سے انکار کر دیا جس کےخلاف انکوئری کی جا رہی ہے۔

سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری نشانتا راناتھونگا نے سری لنکن سنڈے ٹائمز کوبتایا کہ کھلاڑی کے خلاف پولیس انکوئری ابھی جاری ہے۔