کیون پیٹرسن ایشز سے باہر

کیون پیٹرسن
،تصویر کا کیپشنکیون پیٹرسن نے ایشز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ایک سو ترپین رنز بنائے ہیں

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے نمایاں بلے باز کیون پیٹرسن پاؤں میں چوٹ کی وجہ سے ایشز سیریز کے باقی تین میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے اس کی تصدیق کی ہے کہ انتیس سالہ بلے باز کا بدھ کے روز آپریشن ہوا ہے اور وہ چھ ہفتوں تک کھیل نہیں سکتے۔

پیٹرسن کو رواں سال کے آغاز پر انجری کی سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ نہیں لیا تھا۔ لیکن آرام کرنے اور درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے انجکشن کے استعمال کے باوجود وہ ایشز کے تمام میچ کھیل نہیں پائے۔

کیون پیٹرسن نے ایشز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ایک سو تریپن رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی طرف سے اور خاص طور پر ایشز میں نہ کھیلنے سے انہیں نفرت ہے۔ پیٹرسن کا کہنا تھا کہ ’دنیائے کرکٹ میں ایشز کا بلند مقام ہے اور اس کے آئندہ میچوں میں حصہ نہ لینے پر میں مایوسی کا شکار ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایڑی کی تکلیف پہلے قابل برداشت تھی لیکن اب وہ اس سطح پر پہنچ گئی تھی جہاں اس کو ٹھیک کرنے کے لیے علاج کے علاوہ دوسرے طریقے دیکھنے پڑے‘۔

کیون کی جگہ بلے باز این بیل آئندہ ہفتے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کھیل سکتے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وارِک شائر کاؤنٹی کے بلے باز جنہوں نے اپنی کاؤنٹی کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انہیں موقع دیا جائے گا۔ این بیل نے گذشتہ ہفتے لنکا شائر کے خلاف سنچری سکور کی تھی جبکہ انہوں نے کاؤنٹی کی چیمپیئن شپ کے گیارہ میچوں میں اسی رنز کی اوسط سے چھ سو چالیس رنز بنائے ہیں۔

منگل کے روز این بیل نے کیون پیٹرسن کی سرجری کے بارے میں جاننے کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہیں ایشز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ’وہ انگلینڈ کی جانب سے کھیلنے کے لیے شدت سے بے چین تھے اور اب اس کے لیے تیار ہیں اور جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘

بی بی سی کے سپورٹس کے نامہ نگار جوناتھن ایگنیو کے مطابق کیون پیٹرسن کی سرجری ایک غیر متوقع خبر تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹاف کے بارے میں بھی تشویش ظاہر کی جا رہی ہے کہ کیا وہ ایشز سیریز کے آخر تک کھیل پائیں گے؟ فلنٹاف کا کہنا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں کھیلیں گے۔ فلنٹاف گھٹنے کی چوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں ایشز کےاختتام پر ٹیسٹ کیریئر سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرنا پڑا ہے۔