آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان کرکٹ: سُوریا کمار یادو تو نہیں مگر رضوان عالمی نمبر ایک بن گئے
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ایک کھیل میدان میں ہوتا ہے جس میں کھلاڑی مدمقابل ہوتے ہیں جبکہ ایک اور کھیل سوشل میڈیا پر چل رہا ہوتا ہے جس میں ہر کوئی اپنے پسند کےکھلاڑی کی تعریف میں زمین آسمان ایک کر رہا ہوتا ہے اور اکثر تنقید کرنے کے معاملے میں حد بھی پار کر لی جاتی ہے۔
پچھلے چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر یہ بحث چل رہی تھی کہ اگر پاکستان کے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے تو انڈین بیٹسمین سوریا کمار یادو کے پاس اچھا موقع ہو گا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن جائیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بھی منگل کے روز ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن کے مضبوط دعویداروں کے بارے میں تفصیلی تجزیہ کیا تھا کہ نمبر ایک پوزیشن کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان اور ُسوریاکمار یادو کے درمیان مقابلہ ہے لیکن سوریا کمار یادو تو عالمی نمبر ایک نہ بن سکے البتہ بابر اعظم کی چھوڑی ہوئی پہلی پوزیشن پر ایک اور پاکستانی بیٹسمین محمد رضوان براجمان ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ جاری کی ہے اس کے مطابق محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں بابراعظم کی رینکنگ اب دوسری ہے ان کے 794 پوائنٹس ہیں اس کامطلب یہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان 21 پوائنٹس کا فرق ہے۔
سُوریا کمار یادو کہاں گئے؟
انڈین بیٹسمین سوریا کمار یادو آئی سی سی کی گزشتہ ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے جبکہ بابر اعظم 810 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور محمد رضوان 796 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے یعنی ان تینوں کے درمیان زیادہ پوائنٹس کا فرق نہیں تھا۔
بدھ کے روز جاری ہونے والی آئی سی سی کی نئی عالمی رینکنگ میں نہ صرف بابر اعظم کو اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے بلکہ سوریا کمار یادو بھی تیسرے سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں اور اب ان کے پوائنٹس کی تعداد 775 ہے۔
ایشیا کپ میں بابراور یادو کی کارکردگی
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بابر اعظم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے۔ گروپ مرحلے میں وہ انڈیا کے خلاف صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ ہانگ کانگ کے خلاف بھی وہ محض 9 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سپر فور میں انڈیا کے خلاف میچ میں بابراعظم 14رنز بنا پائے۔
سوریا کمار یادو جن کے ٹیلنٹ کے بارے میں بڑے چرچے رہے ہیں پاکستان کے خلاف 18 رنز بنانے کے بعد ہانگ کانگ کے خلاف چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ سپر فور میں وہ پاکستان کے خلاف صرف 13 اور سری لنکا کے خلاف 34 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
محمد رضوان کی شاندار فارم
پاکستان کے محمد رضوان گزشتہ ایک سال سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال وہ تمام ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دو ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے واحد بیٹسمین تھے جس میں ان کی ایک سنچری اور 18 نصف سنچریاں شامل تھیں۔
رضوان اس سال بھی تمام ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔
اس ایشیا کپ میں وہ اب تک سب سے زیادہ 192رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ہانگ کانگ کے خلاف انھوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 78رنز بنائے تھے جبکہ انڈیا کے خلاف میچ میں انھوں نے71 رنز کی اہم اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
محمد رضوان پاکستان کے تیسرے بیٹسمین ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان سے قبل بابر اعظم مجموعی طور پر 1155 دن عالمی نمبر ایک رہے جبکہ مصباح الحق 20 اپریل 2008 سے27 فروری 2009 تک 313 دن تک عالمی نمبر ایک بیٹسمین رہے تھے۔