بسمہ معروف: ’بیٹی کے آنے سے زندگی بدل گئی ہے مگر کرکٹ کو بھی دیکھنا ہے‘

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اِن دنوں زندگی کے بہترین لمحات اور تجربات سے گزر رہی ہیں۔ بیٹی کی پیدائش پر وہ خوشی سے پھولی نہیں سما رہی ہیں اور نہ صرف وہ بلکہ ان کی والدہ بھی اس خوشی سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

بسمہ معروف پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ اس وقت نیوزی لینڈ میں ہیں جہاں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہو چکا ہے اور پاکستانی ٹیم اتوار کے روز اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ کے اس سفر میں بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ اور اُن کی والدہ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کی خواتین کرکٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی مثال ہے کہ کسی کرکٹر کے ساتھ اس کی نومولود بیٹی اور اس کی دیکھ بھال کے لیے بھی ایک فرد موجود ہے۔

دراصل یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کا نتیجہ ہے کیونکہ اپریل 2021 میں بسمہ معروف نے اپنی ایک ٹویٹ میں یہ خوشخبری سنائی تھی کہ وہ ماں کے روپ میں زندگی کے ایک نئے دور میں داخل ہونے والی ہیں اور فی الحال کرکٹ سے دوری اختیار کر رہی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مئی 2021 میں ’پیرنٹل سپورٹ پالیسی‘ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت خواتین کرکٹرز کے لیے تنخواہ کے ساتھ ایک سال کی میٹرنٹی چھٹی رکھی گئی اور اس پالیسی کا پہلا فائدہ بسمہ معروف کو ہوا۔

بسمہ معروف نے گذشتہ سال دسمبر میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے دستیابی کا اعلان کیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ کہا تھا کہ ٹیم میں سلیکٹ ہونے کی صورت میں بسمہ معروف کو دورے پر اپنی بچی کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ایک سپورٹ ممبر ساتھ لے جانے کی اجازت ہو گی۔

نیوزی لینڈ روانگی سے قبل بسمہ معروف اور اُن کی والدہ نے بی بی سی اُردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں خوشی کے ان لمحات اور دلچسپ تجربے کے بارے میں بتایا جو بچی کی آمد کے بعد پیش آ رہے ہیں۔

’فاطمہ نے مجھے متحرک کردیا ہے‘

بسمہ معروف کی والدہ اپنی نواسی کے بارے میں کہتی ہیں ’فاطمہ کے آنے سے مجھ میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ میں زیادہ متحرک ہوگئی ہوں۔ اس کی تمام حرکتوں سے بہت انجوائے کرتی ہوں اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ میرے دیگر نواسے نواسیاں پوتے پوتیاں ملک سے باہر ہیں۔ فاطمہ کے ساتھ یہ میرا پہلا تجربہ ہے لہٰذا مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ گھر میں بہت ہی پیارا ماحول ہے۔‘

اس سوال پر کہ بسمہ کو سنبھالنا مشکل تھا یا اب فاطمہ کو سنبھالنا مشکل لگ رہا ہے؟ اس سے پہلے کہ بسمہ کی والدہ جواب دیتیں، بسمہ نے زبردست قہقہہ لگایا اور کہنے لگیں ʹمیں نے امی کو بہت تنگ کیا تھا۔ʹ

اُن کی والدہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ بسمہ کو سنبھالنا زیادہ مشکل تھا۔

’زندگی تبدیل ہو گئی ہے‘

بسمہ معروف کہتی ہیں کہ 'بیٹی کے آنے سے زندگی تبدیل ہو گئی ہے۔ بندہ اپنے آپ کو بھول جاتا ہے۔ آپ کی تمام توجہ بچے کی طرف چلی جاتی ہے۔ اپنے لیے وقت نہیں ملتا۔ مصروفیت بڑھ گئی ہے لیکن چونکہ کرکٹ دوبارہ شروع کر دی ہے لہٰذا اس کو بھی دیکھنا ہے۔ مشکل ضرور ہے لیکن امی کے ساتھ ہونے سے مجھے بڑی مدد مل رہی ہے۔'

بسمہ کہتی ہیں 'بائیو سکیور ببل میں رہنا آسان نہیں ہوتا لیکن چونکہ بیٹی ساتھ ہے تو اس کے ساتھ انجوائے کر رہی ہوں۔ وہ بھی خوش ہے کہ میں ہر وقت اس کے ساتھ ہوں۔ مجھے اپنے کریئر اور کھیل کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ اس کی کتنی زیادہ اہمیت ہے۔ میری توجہ مکمل طور پر اپنی کرکٹ پر ہے۔ والدہ کو ساتھ رکھنے کا مقصد یہی ہے کہ وہ اچھی طرح فاطمہ کی دیکھ بھال کر سکیں اور میں میدان میں اپنی توجہ رکھ سکوں۔'

بسمہ معروف کا بین الاقوامی کریئر

بسمہ معروف نے دسمبر 2006 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ 108 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2602 رنز بنا چکی ہیں جن میں سب سے بہترین انفرادی سکور 99 ہے۔ وہ سنچری کے بغیر خواتین ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں۔ وہ 44 وکٹیں بھی حاصل کر چکی ہیں۔

اتفاق سے ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تعداد بھی 108 ہے جن میں انھوں نے 2225 رنز بنائے ہیں جن میں 11 نصف سنچریاں شامل ہیں انھوں نے 36 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی خاتون کھلاڑی ہیں۔

سنہ 2019 میں انھیں پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ آئی سی سی کے ڈیولپمنٹ سکواڈ کی کپتان بھی مقرر کی گئی تھیں۔