ایشین چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان کے بعد انڈیا بھی گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ڈھاکہ میں کھیلی جانے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
پہلا سیمی فائنل جنوبی کوریا نے پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے جیتا جن سے چار گول جینگ جونگ ہیون نے سکور کیے اور ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ ماضی میں کھیلے گئے پانچوں مقابلوں میں پاکستانی ٹیم فائنل تک پہنچی اور اس نے ان میں سے تین فائنل جیتے بھی تھے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ 2018 میں جیتا تھا۔
مولانا بھاشانی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں تیز کھیل دیکھنے کو ملا تاہم جہاں پاکستان کے دفاعی کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے وہیں پینلٹی کارنر کے شعبے میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور آٹھ میں سے صرف دو پینلٹی کارنرز پر ہی گول کیا جا سکا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان عمر بھٹہ نے تیسرے ہی منٹ میں گول کر کے پاکستان کو برتری دلوائی مگر پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطیوں کی وجہ سے جنوبی کوریا کو 11ویں اور 12ویں منٹ میں دو پنلٹی سٹروک ملے جن پر جینگ نے گول کر کے پہلے اس برتری کا خاتمہ کیا اور پھر جنوبی کوریا کو برتری دلوا دی۔
جنوبی کوریا کی اس برتری کا خاتمہ دوسرے کوارٹر میں جنید منظور نے کیا لیکن تین ہی منٹ بعد جینگ نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے جنوبی کوریا کو ایک بار پھر برتری دلوا دی۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں افراز کے گول کی مدد سے ایک مرتبہ پھر میچ برابر کیا لیکن جنوبی کوریا کی جانب سے یینگ جوہین نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے جنوبی کوریا کو ایک بار پھر برتری دلوا دی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی پاکستان کو پینلٹی کارنر پر میچ برابر کرنے کا موقع ملا مگر اس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا لیکن اس کوارٹر کے ختم ہونے میں ڈیڑھ منٹ سے کم وقت بچا تھا جب نے جنوبی کوریا کی جانب سے جیونگ نے پانچواں گول کر کے اپنی ٹیم برتری دوگنی کر دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
چوتھے کوارٹر میں مبشر علی نے پاکستان کی جانب سے پینلٹی کارنر پر چوتھا گول کر کے جنوبی کوریا کی برتری کم کی اور جب میچ ختم ہونے میں دس منٹ باقی تھے تو مبشر نے ایک اور پینلٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
میچ ختم ہونے میں پانچ منٹ باقی تھے تو جنوبی کوریا کو دو پینلٹی کارنر ملے جس میں سے دوسرے پر جینگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلوا دی جو اختتام تک قائم رہی۔
پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں جب مدِمقابل آئی تھیں تو یہ میچ تین تین گول سے برابر رہا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دفاعی چیمپیئن انڈیا کو غیرمتوقع شکست
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ابتدائی مرحلے میں پہلے نمبر پر آنے والی انڈیا اور چوتھے نمبر پر رہنے والی جاپانی ٹیم کے مابین کھیلا گیا جس میں جاپان نے دفاعی چیمپیئن انڈین ٹیم کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔
انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل سے قبل تک ناقابلِ شکست تھی اور اس نے چار میچوں میں سے تین جیتے اور اس کا ایک میچ برابر رہا تھا۔
ابتدائی مرحلے کے میچ میں انڈیا نے جاپان کو چھ گول سے شکست دی تھی تاہم سیمی فائنل میں جاپانی ٹیم نے آغاز سے ہی میچ کا کنٹرول سنبھال لیا اور ابتدائی دو منٹ میں دو گول کر کے برتری حاصل کر لی۔
انڈیا کی جانب سے دلپریت سنگھ نے 17ویں منٹ میں گول کر کے اس برتری کو کم کیا تاہم جاپانی ٹیم نے دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں مزید تین گول کر کے اپنی برتری چار گول تک پہنچا دی۔
آخری کوارٹر میں انڈین ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا اور مزید دو گول کیے لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور میچ کا خاتمہ جاپانی ٹیم کے حق میں ہوا۔
اس شکست کے بعد اب انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں بدھ کو تیسری پوزیشن کے لیے مقابلہ کریں گی جس کے بعد بدھ کو ہی ٹورنامنٹ کا فائنل جنوبی کوریا اور جاپان کے مابین کھیلا جائے گا۔
ملائیشیا کی جانب سے عدم شرکت کے فیصلے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں کل پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں پاکستان، انڈیا، جاپان، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔










