شعیب ملک کے چھکے اور ثانیہ کی تالیاں: شوہر کی حوصلہ افزائی کرنے پر سوشل میڈیا پر چرچے

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل میچ دیکھنے والوں میں ثانیہ مرزا واحد انڈین ہونگی یا نہیں اس بارے میں یقین سے نہیں کہا جا سکتا لیکن سوشل میڈیا پر اس بحث کی اپنی ایک وجہ ہے۔

انڈین ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کے شوہر شعیب ملک نے اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف 18 گیندوں میں 54 رنز بنائے جہاں ثانیہ مرزا بھی سٹیڈیم میں وہ میچ دیکھ رہی تھیں۔ میچ کے دوران انھوں نے اپنے شوہر کے لیے تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً ٹوئٹر پر اس بات کے چرچے شروع ہو گئے۔

یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ثانیہ کے سٹیڈیم میں ہونے یا نہ ہونے سے بطور کھلاڑی شعیب کی کارکردگی میں کیا فرق پڑتا ہے۔

ایک صارف نے لکھا، ’جس طرح سے شعیب ملک نے اننگز ختم کرنے کے بعد اپنا بیٹ ثانیہ مرزا کی طرف اٹھایا اور جس طرح سے ان کا بچہ اپنی ماں کی گود میں جانے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ وہ اپنے پاپا کو دیکھ سکے، یہ دیکھ کر اچھا لگا۔‘

ٹوئٹر ہینڈل ڈائٹ پلانر نے لکھا 'میں اپنے پتی (شوہر) کی جیت کو اسی طرح سے دیکھنا چاہتی ہوں جس طرح ثانیہ مرزا اپنے پتی کو ریکارڈ توڑتے ہوئے دیکھ رہی تھیں'

ایک صارف سہیل نے لکھا 'ثانیہ کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی اور وہ پھر بھی اپنے شوہر کی بیٹگ سے لطف اندوز ہو رہی ہیں'۔

ٹوئٹر ہینڈل شبا کاٹو سے لکھا گیا' ثانیہ مرزا انڈیا کی ہار کو بھول کر اپنے شوہر کی حوصلہ افزائی کرنے گراؤنڈ میں پہنچی ہیں،وہ قابلِ تعریف ہیں'

عبداللہ خان نے لکھا' شعیب ملک کے ٹورنامنٹ کی سب سے تیز ہاف سینچری بنانے کے بعد ثانیہ مرزا۔'

چوہدری اعتزاز اشرف نے لکھا 'ثانیہ مرزا واحد انڈین ہیں جو سیمی فائنل میں جا رہی ہیں۔'

سکاٹ لینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت

اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ اور پاکستان کے درمیان میچ میں پاکستان کی جیت کا سہرہ آل راؤنڈر شعیب ملک کے سر جاتا ہے۔

چالیس سالہ شعیب ملک پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ کرکٹ کی دنیا میں ان کی فٹنس کی مثال دی جاتی ہے۔

پاکستان نے اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے مسلسل اپنی پانچویں جیت درج کی، شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔