پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست، انگلینڈ نے میچ 52 رنز سے جیت کر سیریز 0-2 سے اپنی نام کر لی

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی نہ پاکستان کی بیٹنگ لائن چلی اور نہ ہی بولنگ نے ساتھ دیا۔

لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی یہ سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

انگلینڈ کے 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 41ویں اوور میں 195 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ کے لیوس گریگوری آٹھ اوورز میں 44 رنز دے کر اور تین وکٹیں حاصل کر کے مین آف دا میچ قرار پائے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے 45.2 اوورز میں 247 رنز بنائے جبکہ اس کے سارے کھلاڑی مقررہ 47 اوورز سے پہلے ہی آؤٹ ہو گئے۔

واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے میچ کے ٹاس میں تاخیر ہو گئی تھی اور 50 اوورز کے میچ کو 47 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر امام الحق صرف ایک رن بنا کر گریگوری کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم کو 19 رنز بنانے کے بعد ثاقب محمود نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی محمد رضوان تھے اور انھیں بھی ثاقب محمود نے ہی آؤٹ کیا۔ محمد رضوان کے بعد فخر زمان صرف 10 رنز بنا کر اوورٹن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

صہیب مقصود بھی صرف 19 رنز ہی بنا سکے اور اوورٹن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد شاداب خان بھی صرف 21 رنز بنا کر گریگوری کی گیند کا شکار بن پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو صرف ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی پاکستان کے سکور میں صرف 31 رنز کا اضافہ ہی کر سکے اور کیرس کا نشانہ بنے۔

انگلینڈ کی اننگز

پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ میلان تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد چوتھے اوور میں زیک کرالی بھی بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

ابتدائی اوررز میں دو وکٹوں کے نقصان کے بعد جیمز ونس اور فل سالٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو سہارا دیا لیکن پھر فل سالٹ 60 رنز پر سعود شکیل جبکہ جیمز ونس 56 رنز بنا کر شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

انگلینڈ کے آوٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی بین سٹوکس تھے جو 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جن کے بعد جان سمپسن 17 رنز بنا کر جبکہ کریگ اوورٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو حسن علی نے آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی آٹھویں وکٹ 229 کے سکور پر 40ویں اوور میں گری اور لیوس گریگوری 40 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پویلین لوٹنے والے انگلینڈ کے نویں کھلاڑی بریڈون کارس تھے اور یہ بھی حارث رؤف کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حسن علی نے ثاقب محمود کو آٹھ کے سکور پر پویلین بھیج کر انگلینڈ کی اننگز کا اختتام کیا۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

انگلینڈ نے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستانی ٹیم 35.2 اوورز میں صرف 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس کے جواب میں انگلینڈ نے 142 رنز کا ہدف باآسانی 21.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کے کپتان بن سٹوکس کا یہ 100واں ایک روزہ میچ ہے اور اس وقت وہ ایک ایسی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جس میں کئی ناتجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ اس سیریز کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم میں کووڈ 19 کے خدشات کے باعث آئیسولیشن میں چلی گئی تھی اور پھر انگلینڈ نے اس ٹیم میں کئی نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔

خیال رہے کہ دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔