آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل 6 : افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کراچی کنگز کی جیت
پاکستان سپرلیگ کے چھٹے سیزن کا آغاز ہو چکا ہے جس کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جو کراچی نے محض تین وکٹوں کے نقصان پر پندرھویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کراچی کنگز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 13.5 اوورز میں 126 رنز بنائے۔
کراچی کی ٹیم نے مستحکم بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف جلد حاصل کر لیا۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جو کلارک مین آف دی میچ رہے، جنھوں نے پی ایس ایل ڈیبیو پر 46 رن بنائے اور چار کیچ بھی لئے۔
کراچی کی گرنے والے تیسری وکٹ بابراعظم کی تھی جو 24 رنز بنا کر محمد حسنین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد نے ان کا کیچ پکڑا۔
بابر اعظم پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ وہ کامران اکمل سے آگے نکل گئے ہیں جنھوں نے پی سی ایل میں 1537 رنز بنائے ہیں۔ بابراعظم کے مجموعی رن 1540 ہو گئے ہیں۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو کلارک تھے جنھیں عثمان شنواری نے آؤٹ کیا۔ انھوں نے 46 رن بنائے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل خان پہلے ہی اوور میں محمد حسنین کی گیند کا نشانہ بن گئے اور چار رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
کوئٹہ کی اننگز
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کراچی کنگز کے کامیاب ترین بولر ارشد اقبال رہے انھوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری وکٹ وقاص مقصود نے حاصل کی۔ انھوں نے 16 کے انفرادی سکور پر قیس احمد کو آؤٹ کیا۔
نویں وکٹ بھی ارشد اقبال نے حاصل کی انھوں نے محمد حسنین کو آوٹ کیا، جو صرف چار رن بنا سکے۔
آٹھویں نمبر پر عثمان شنواری کو محمد عامر نے آؤٹ کیا اور وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ ساتویں وکٹ پندرھویں اوور میں گری جب ارشد اقبال کو بین کٹنگ نے 11 رن کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔
اس پہلے چھٹی آوٹ ہونے والے کھلاڑی اعظم خان تھے جنھوں نے 17 رن بنائے، انھیں ارشد اقبال نے آؤٹ کیا۔
کوئٹہ کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب اعظم خان اور محمد نواز میں رن لینے پر غلط فہمی ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں محمد نواز تین رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
کرس گیل نے دو چھکوں اور چار چوکوں کے ساتھ کوئٹہ کی ٹیم کو سہارا دے کر دباؤ میں کمی کرنے کی کوشش تو کی لیکن خود بھی 39 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ انھیں ڈینیئل کرسٹین نے آؤٹ کیا۔
ان سے پہلے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صائم ایوب تھے جو صرف آٹھ رن بنا سکے۔ وہ وقاص مقصود کی گیند کا نشانہ بنے۔
کوئٹہ کی جانب سے سرفراز احمد اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں ہی اوپنرز جلد ہی پویلیئن لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 6رنز پر گر گئی۔ جب ٹام بینٹن پانچ رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔
اگرچہ سرفراز احمد نے پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں اوپننگ کی تھی لیکن انھیں عامر یامین نے محض سات کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔
اس سے پہلے دونوں کے درمیان پی ایس ایل میں 10 میچز کھیلے گئے ہیں۔ کوئٹہ کا پلہ بھاری ہے اور اس نے سات میچ جیتے ہیں جبکہ کراچی کنگز نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پی ایس ایل 6 صرف لاہور اور کراچی میں ہوگا
اس سے پہلے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب نشر کی گئی۔ نصیبو لال اور آئمہ بیگ کا گایا ہوا پی ایس ایل کا آفیشل گانا پیش کیا گیا۔
یہ تقریب پہلے سے ہی ترکی میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس موقعے پر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے مطابق اس سال پی ایس ایل صرف کراچی اور لاہور میں کھیلا جارہا ہے اور پی ایس ایل 6 کے تمتم میچزکراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپرلیگ میں 6 ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ پی ایس ایل 2021 میں مجموعی طورپر 34 میچ کھیلےجائیں گے۔ پی ایس ایل 2021 میں ہرٹیم 10 میچ کھیلے گی۔
پی ایس ایل 2021 کاپہلا مرحلہ 7مارچ تک کراچی میں ہو گا جبکہ پی ایس ایل 2021 کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے لاہورمیں شروع ہو گا۔