آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایشین بریڈمین ظہیرعباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیرعباس کو ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی نے جس تاریخ یعنی 23 اگست کو یہ اعلان کیا ہے اسی روز یعنی 23 اگست 1974 کو ظہیرعباس نے انگلینڈ کے خلاف اوول کے میدان میں 240 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
آئی سی سی ان کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شامل کرتی ہے جنہوں نے کرکٹ کے میدان میں نمایاں کارکردگی اور گراں قدر خدمات انجام دی ہوں۔
ظہیر عباس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اور آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزا اسٹالکر کو بھی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے
یہ بھی پڑھیے
ہال آف فیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لیے آئی سی سی نے اپنے اراکین اور سینئر صحافیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
73سالہ ظہیرعباس یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل 2009 میں حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم جبکہ 2013 میں وقاریونس ہال آف فیم میں شامل کیے گئے تھے۔
آئی سی سی ابتک ان چھ پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ انگلینڈ کے28، آسٹریلیا کے 27، ویسٹ انڈیز کے18، بھارت کے چھ، جنوبی افریقہ کے چار، نیوزی لینڈ کے تین اور سری لنکا کے ایک کھلاڑی کو ہال آف فیم میں شامل کرچکی ہے۔
ظہیرعباس کون ہیں؟
ظہیرعباس کا شمار دنیا کے چند بہترین سٹائلش بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ وہ کرکٹ کی دنیا میں ایشین بریڈمین کے نام سے بھی مشہور ہیں۔
انھوں نے78 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے12 سنچریوں اور20 نصف سنچریوں کی مدد سے5062 رنز بنائے تھے۔
ظہیرعباس نے 62 ون ڈے انٹرنیشنل میں7 سنچریوں اور 13 نصف سنچریوں سے2572 رنز اسکور کیے تھے۔ اس زمانے میں وہ ون ڈے انٹرنیشنل کے سب سے کامیاب بیٹسمین تصور کیے جاتے تھے۔
وہ 1984 میں ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر بھی رہے تھے۔
ظہیرعباس نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں چار ڈبل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ انھوں نے انگلینڈ کے خلاف 1971 میں ایجبسٹن میں 274 اور 1974 میں اوول میں 240 رنز بنائے تھے اس کے علاوہ انڈیا کے خلاف ان کی دو ڈبل سنچریاں شامل تھیں۔
ظہیرعباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں انتہائی کامیاب بیٹسمین سمجھے جاتے تھے خاص طور پر انگلش کاؤنٹی گلوسٹر شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے انھوں نے کئی یادگار پرفارمنسز دی تھیں۔
ظہیرعباس واحد ایشیائی بیٹسمین ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں بنائی ہیں جن کی تعداد 108 ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں بنانے والے صرف تین غیربرطانوی بیٹسمین ہیں جن میں ظہیرعباس، ویوین رچرڈز اور گلین ٹرنر شامل ہیں۔
ظہیرعباس دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں آٹھ مرتبہ اور میچ کی ایک اننگز میں ڈبل سنچری اور ایک اننگز میں سنچری چار مرتبہ اسکور کی ہیں۔
ظہیرعباس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
ظہیرعباس ان دنوں لندن میں ہیں جہاں انہیں آئی سی سی نے ہال آف فیم میں شامل کیے جانے کی اطلاع دی۔ ظہیرعباس نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے آئی سی سی باقاعدہ تقریب منعقد نہیں کرسکی ہے تاہم انہیں ہال آف فیم کی روایتی کیپ والی فریم آئی سی سی کی طرف سے ملی ہے۔
وہ بہت خوش ہیں اور فخر محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے جو بھی کارکردگی دکھائی ہے اسے آئی سی سی نے سراہا ہے اور اس کا اعتراف کیا ہے۔