آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کرکٹ اور کورونا وائرس: آئی سی سی کی گیند چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی اور دیگر نئے قوانین
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کورونا وائرس کی وبا کے سبب بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر عالمی سطح پر کرکٹ کے نگراں ادارے آئی سی سی نے کچھ نئے قواعد جاری کیے ہیں جن میں گیند چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی نے اس بارے میں ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے جو انڈیا کے انیل کمبلے کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی۔
کمیٹی نے یہ سفارشات کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دی تھیں۔ نئی تبدیلیوں کا اطلاق ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی
تھوک سے گیند چمکانے کی کسی طور اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی کھلاڑی میدان میں تھوک سے گیند چمکاتا ہوا نظر آئے گا تو امپائرز ابتدا میں اسے نرمی سے منع کریں گے لیکن اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو پھر ٹیم کو وارننگ دی جائے گی۔ ایک اننگز میں دو بار وارننگ دی جاسکے گی جس کے بعد بیٹنگ سائڈ کو پنالٹی کے پانچ رنز دے دیےجائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
متبادل کھلاڑی کی اجازت
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ اگر ٹیسٹ میچ کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو اس کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جاسکے گا لیکن اس کے لیے میچ ریفری کی منظوری درکار ہوگی۔ اس کا اطلاق ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نہیں ہوگا۔
دو کے بجائے تین ڈی آر ایس ریویوز
آئی سی سی نے اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ موجودہ صورتحال میں امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے سفر آسان نہیں یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہوم امپائرز تینوں فارمیٹس کے میچوں کی نگرانی کر سکیں گے۔ ان امپائرز کا انتخاب آئی سی سی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل سے کرے گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں چونکہ نسبتاً کم تجربہ کار امپائرز امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے لہٰذا اس نے ریویوز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ٹیسٹ میں ریویوز کی تعداد تین اور ون ڈے انٹرنیشنل میں دو ہوگی۔
شرٹ پر اضافی لوگو چسپاں
آئی سی سی نے آئندہ 12 ماہ کے دوران کھلاڑیوں کو اپنی شرٹ یا سوئٹر کے سامنے والے حصے (سینے پر) پر لوگو لگانے کی اجازت دی ہے جس کا سائز بتیس مربع انچ سے زیادہ نہ ہوگا۔ اس وقت سینے پر لوگو لگانے کی اجازت صرف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں ہی ہے۔